Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران جواب دیں ایم این ایز خریدنے کیلئے پیسہ کہاں سے لیا، شہباز شریف

انتقامی کارروائیوں کا سامنا کیا لیکن کبھی این آراونہیں مانگا
اپ ڈیٹ 08 اکتوبر 2022 11:43am
فائل تصویر
فائل تصویر

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہمارے خاندانوں نے کئی بارانتقامی کارروائیوں کا سامنا کیا،عمران خان کے پاناما پروپیگنڈے کا احتساب ہونا چاہیے۔

وزیراعظم لاہور کی خصوصی عدالت میں شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں پیش ہوئے ، سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں اور قانون کا احترام کرتے ہیں، ہر کسی کو قانون کا احترام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف وزیراعظم ہوتےہوئے بھی عدالت میں پیش ہوتےرہے،نیب عدالت راولپنڈی نے انہیں متعدد بارطلب کیا۔ ہمارے خاندان نے انتقامی کارروائیوں کا سامنا کیا لیکن انہوں نے کبھی این آراو نہیں مانگا۔ ہم نے نیب کےعقوبت خانوں میں ظلم برداشت کیا۔

وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان کودبئی اور امریکامیں اثاثے چھپانے پراین آراوکس نےدلوایا، فرح گوگی کوکچھ عرصےپہلےپنجاب حکومت نےکلین چٹ دی۔ بی آرٹی میں کئی سوارب روپےکی بےضابطگیاں ہوئیں اوراس کیس میں مختلف عدالتوں سےاسٹےآرڈرلیتےرہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف، مریم ،حمزہ اور ہم سب نے ظلم برداشت کیا لیکن کہا گیا کہ مریم نواز کو این آر اوملا ہے، اس سے زیادہ گھٹیا، قابل مذمت بات ہو نہیں سکتی۔ مریم نواز کو نیب کےاصل قانون اورمیرٹ پر بریت ملی۔ عمران نیازی اپنے دور میں دیے گئےاین آراو کا حساب دیں۔

شہباز شریف نے سابق ہم منصب کی لیک ہونے والی مبینہ آڈیوز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ، ”عمران خان کاساراڈرامہ اورجھوٹ بےنقاب ہوچکا، آڈیومیں خودکہاکہ میں نے5بندےخرید لیے ہیں، آپ آڈیو میں کہہ رہے ہیں امریکا کا نام نہیں لینا بس کھیلتے جانا ہے-“

انہوں نے کہا کہ عمران خان نےجو5ووٹ خریدے ان کیلئے پیسہ کہاں سے آیا، اس سےبڑا ظلم کیا ہوسکتا ہےکہ وزیراعظم (اُس وقت کے ) نےمنڈی لگا رکھی ہے اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ آپ خود جرم تسلیم کر رہے ہیں، اتنےبڑےفتوے دیے اورخودضمیرخرید رہےہیں۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ کیاعمران نیازی کوکسی عدالت نے طلب کیا؟ آپ (عمران خان )دنیامیں سب سے زیادہ جھوٹ بولنے والے شخص ہیں۔ آپ کا ڈراما اور جھوٹ کھل چکاہے، آپ کہتےہیں پیپلزپارٹی اورن لیگ نےخدانخواستہ چھانگامانگالگایا۔ قوم آپ سے جاننا چاہتی ہےکہ کہاں ڈاکا مارکرضمیرفروشی پرلگایا۔

Shehbaz Sharif

money laundering

imran khan

politics 8 Oct 22