Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خلیل الرحمٰن قمر نے عروہ حسین سے معافی کیوں مانگی تھی؟

اداکارہ نے وقت کی تنگی کے باعث فلم کاف کنگنا میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا
شائع 05 اکتوبر 2022 09:24pm

پاکستان کی معروف اداکارہ عروہ حسین نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ ”خلیل الرحمٰن قمر نے کڑی تنقید کرنے پر مجھ سے معافی مانگی تھی“۔

معروف اداکارہ عروہ حسین نے حال ہی میں احسن خان کے شو میں شرکت کی اس دوران انہوں نے کئی دلچسپ سوالات کے جواب دیئے۔

شو کے میزبان و اداکار احسن خان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عروہ حسین نے انکشاف کیا کہ ”معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے ایک سرکاری ٹی وی چینل پر بیٹھ کر مجھ پر تنقید کی تھی اور بعد ازاں انہوں نے مجھے گلے لگا کر معافی مانگ لی تھی“۔

عروہ حسین نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ“میں نے خلیل الرحمٰن قمر کی لکھی فلم چھوڑی نہیں تھی، جب میں تیار تھی تو شوٹنگ منسوخ ہو گئی تھی، جب فلم کی شوٹنگ دوبارہ شروع ہوئی تو ان دِنوں میرے پاس وقت نہیں تھا اور میں دوسرے پروجیکٹ میں مصروف تھی“۔

انہوں نے مزید کہا کہ“ اس بات پر خلیل الرحمٰن قمر بہت ناراض ہوئے اور مجھ پر ٹی وی پر بیٹھ کر کڑی تنقید کی بعد ازاں وہ مجھ سے ملے اور مجھے گلے لگا کر معافی مانگی اور کہا کہ تم میری بیٹی ہو“۔

واضح رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر نے عروہ حسین کے ساتھ کام کرنے کو اپنی زندگی کا سب سے خوفناک تجربہ قرار دیا تھا، لیکن بعد میں انہوں نے ذاتی طور پر قومی ٹیلی ویژن پر عروہ حسین سے معذرت کرتے ہوئے اِنہیں اپنی بیٹی قرار دیا تھا۔

Urwa Hocane

Kahlil ur Rehman Qamar