Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

کے پی ٹی کی زمین ڈی ایچ اے کو الاٹ، 104 ارب روپے نقصان کا انکشاف

ڈی ایچ اے کو 18 پیسے فی مربع میڑ سالانہ پر زمین لیز پرالاٹ کی۔
شائع 05 اکتوبر 2022 07:31pm
اسلام آباد: چیئرمین پی اے سی نور عالم خان اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں (فوٹو: اے پی پی/فائل)
اسلام آباد: چیئرمین پی اے سی نور عالم خان اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں (فوٹو: اے پی پی/فائل)

پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کو 18 پیسے فی مربع میٹرسالانہ پرزمین کرائے پرالاٹ کی جس سے 104 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

چیئرمین پی اے سی نورعالم خان کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں وزارت بحری امورکی آڈٹ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

آڈٹ حکام نے انکشاف کیا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ نے مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیزکوزمین الاٹ کی جس سے ادارے کو 8 ارب روپے سالانہ کا نقصان ہوا۔ مجموعی طورپر 16 سال میں ادارے کو 104 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے، کراچی پورٹ ٹرسٹ نے ہدایات کے باوجود کبھی اس معاملے کی انکوائری نہیں کی۔

چئیرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو 1996 اور 2005 میں زمین الاٹ کی گئی۔ کیا ہم ہاؤسنگ سوسائٹیزکی لیز منسوخ کر سکتے ہیں۔

رکن کمیٹی نزہت پٹھان نے بتایا کِہ یہ زمین حکومت سندھ کی ملکیت ہے جو کاروباری مقاصد کیلئے دی گئی تھی۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اس معاملے کوحل کرنے کیلئے حکومت سندھ کو بھی بلایا جائے۔

چئیرمین پی اے سی نے کہا کہ ہم قانون کے مطابق کام کررہے ہیں۔

کمیٹی نے کے پی ٹی کی اراضی انتہائی سستے داموں لیز پر دینے کی تحقیقات کا معاملہ نیب کے حوالے کرتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔

اجلاس میں نورعالم خان کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے پاس کام زیادہ ہے، اس لیے چارذیلی کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دو کمیٹیوں کی سربراہی ممبران قومی اسمبلی اوردو کی سینٹرز کریں گے۔

چیئرمین پی اے سی کا کہنا تھا کہ گوادرمیں امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں، گوادرایسٹ بے ایکسپریس وے منصوبے میں تاخیر اور 1.5 ارب روپے کی گرانٹ بروقت استعمال نہ کرنے پرکمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا گیا۔

سیکرٹری بحری امورنے بتایا کہ امن و امان کے حالات کے باعث منصوبہ بروقت مکمل نہ ہوسکا۔

کمیٹی نے ڈیریجنگ مشین کے خراب ہونے سے ایک ارب 28 کروڑ روپے کے نقصان کی تحقیقات کا معاملہ نیب کے سپرد کر دیا۔

Noor Alam Khan

Chairman PAC

Karachi Port Trust