Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

میں نے نیب کی نئی ترامیم سے ریلیف نہیں لیا: مریم نواز

عمران خان معافی مانگنے کے بجائے این آراو کی رٹ لگا رہا ہے۔۔
اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2022 09:48pm
لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پریس کانفرنس کر رہی ہیں: اسکرین گریب: آج نیوز یوٹیوب
لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پریس کانفرنس کر رہی ہیں: اسکرین گریب: آج نیوز یوٹیوب

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں نے نیب کی نئی ترامیم سے ریلیف نہیں لیا، ظلم نے ایک دن مٹنا ہوتا ہے، یہ ہمیشہ کیلئے نہیں ہوتا، کہا جا رہا ہے کہ اسحاق ڈار کی واپسی این آر او ہے، اسحاق ڈار کی واپسی سے معیشت بہتر ہورہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے بے بی ڈے کیئرسینٹرمیں 57 دن حبس بےجا میں رکھا گیا، 57 دن بعد مجھے کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا گیا- نیب مقدمات میں خواتین کوگرفتارکرنےکی تاریخ نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو خواتین کے لیے بنایا ہی نہیں گیا تھا، وہاں جو سیل بنے ہوئے ہیں وہ مرد حضرات کے لیے ہیں، مجھ سے پوچھا جاتا تھا کھانے کا مینو کون بناتا ہے،فیصلے کون کرتاہے؟

ان کا کہنا تھا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کےانکشافات قوم کےسامنے ہیں، میں 6سال تک پاناما کے جھوٹے مقدمے کو بھگتتی رہی، یہ کاغذ کا ایک ٹکڑا تک بطور ثبوت پیش نہیں کرسکے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کواقتدارمیں لانے کیلئے پاناما کا کھیل رچایا گیا، انشااللہ ایک دن قوم کے سامنے حقیقت آکر رہے گی، عمران خان کوالیکشن جتوانے کیلئے یہ سارا ڈرامہ رچایا گیا، میں نےوکیل کوہدایات کی تھیں کہ نیب کی نئی ترامیم کافائدہ نہیں اٹھانا، جھوٹا مقدمہ جو قوم کے سامنے آیا آپ اس کواین آراو کہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے 3 سال بعد پاسپورٹ واپس مل گیا، پاسپورٹ ملنے پر مجھے خوشی ہے، پاسپورٹ رکھنے کامیرا بنیادی حق کیوں چھینا گیا؟

لیگی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان معافی مانگنے کے بجائے این آراو کی رٹ لگا رہا ہے، پنجاب میں حکومت ملی تو فرح خان کے کیس ختم کرائے، یہ این آراوہوتاہے، تمہاری خلاف اتنے بڑے بڑے کیسز ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں مجرم یہ ثابت ہوا، فرح خان کوراتوں رات باہربھیج دیاگیایہ این آراونہیں۔

نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر جھوٹ بولو گے تو ساری زندگی رونا پڑے گا، ٹیکسلا جلسے میں جو کچھ بولا گیا اس پرآپ کوشرم آنی چاہیے۔ اقتدارمیں تھے تو سب اچھے اور اقتدار گیا توسب برے ہوگئے، عمران خان ایوان صدر میں ملاقاتیں کرکے رات کواین آراو مانگتاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسوں میں ان کی ساری تقاریر میرے خلاف ہوتی ہیں، کیا جلسوں میں بھول جاتے ہو کہ مریم نوازایک عورت ہے، دانیال،عزیز اور دیگر لوگوں کو بھی معافی ملنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ٹی وی انٹرویو میں کہاکہ سائفر گم ہوگیا، سائفر حکومت کی امانت ہے کوئی ہیرے کی انگوٹھی نہیں، ریاست کی دستاویز کو آپ نے غائب کیا, دنیا آج پاکستان کو سائفر بھیجنے سے ڈرتی ہے.

Maryam Nawaz

politics041022