Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  
Live
politics041022

رانا ثنا اللہ نے عمران خان کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا

'ریڈزون میں پاک فوج تعینات ہوگی جو لانگ مارچ کے شرکاء سے بھی زیادہ ہے'
شائع 04 اکتوبر 2022 08:37pm

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا، امکانات موجود ہیں کہ عمران خان کو لانگ مارچ کے دوران گرفتار کیا جائے۔ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ لانگ مارچ ریڈزون میں داخل ہوسکے، اسلام آباد میں داخل ہونے پر لانگ مارچ کو روکیں گے۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں میزبان عاصمہ شیرازی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ریڈزون میں پاک فوج تعینات ہوگی جو لانگ مارچ کے شرکاء سے بھی زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کیلئے تسلی بخش انتظامات کیے ہیں، انشاء اللہ خون ریزی والی کوئی صورت حال نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان بنیادی طور پر فتنہ ہے جو ملک میں فساد، افراتفری اور قوم کو تقسیم کرناچاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتا ہے۔

عمران خان کی جانب سے کارکنان سے حلف لیے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ حلف وفاداری؟ یہ تو حلف غداری ہے، یہ فتنہ اور فساد کا حلف ہے، عمران خان کس حقیقی وفاداری کی بات کررہا ہے، اس کا بیانیہ ایکسپوز ہوچکا ہے،یہ نوجوانوں کو گمراہی کے راستے پر لگا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نومبر عمران خان کیلئے بہت مشکل ہے، ہمارے لئے نومبر میں کوئی مسئلہ نہیں، نومبر میں حکومت آئین وقانون کے مطابق فیصلہ کرے گی، عمران خان آئین وقانون کوروکنا چاہتا ہے، لیکن اس میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔

جب بھی کال دوں، جہاد سمجھ کر حصہ لیں، عمران کا کارکنان سے حلف

شریف اورزرداری خاندان سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔۔۔
شائع 04 اکتوبر 2022 08:09pm
فوٹو (فائل)
فوٹو (فائل)

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے حلف لیا ہے کہ جب بھی حقیقی آزادی کی کال دوں اس کو جہاد سمجھ کر حصہ لیں گے۔

چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں خیبر پختونخوا کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے نیب میں اپنا بندہ بٹھایا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف اورزرداری خاندان سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔ میں ان دونوں کے خاندان کواچھی طرح جانتاہوں، ان دونوں خاندانوں کے خلاف کیسز ان کے ادوار میں بنے تھے۔

عمران خان نے پارٹی عہدیداروں اور پارٹی کارکنوں سے حلف لیا کہ پاکستان کے آئین کی پاسداری کرینگے اور اس کی حفاظت کرینگے اور یہ کہ ہم حقیقی آزادی تحریک کو جہاد سمجھ کر حصہ لینگے۔

اپنی تقریر کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ڈٰی ایم نے ہماری حکومت گرانے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کیے، حکمرانوں کورخصت کرکے ہی دم لینگے۔

آڈیو لیکس: تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس سائبر حملے روکنے کیلئے سفارشات پرغور

کمیٹی تحقیقات کے بعد سفارشات وزیراعظم کو رپورٹ کرے گی
اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2022 01:31pm
تصویر: گرافک آن لائن
تصویر: گرافک آن لائن

مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لئے قائم آڈیولیکس کمیٹی کے پہلے اجلاس میں سرکاری دفاترپر سائبر حملے روکنے کے لئے سفارشات پرغورکیا گیا۔

کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت ہوا، جو ختم ہوگیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے آڈیو لیکس سامنے آنے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وزرا بشمول اسد عمر، عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے خلاف کارروائی کی منظوری دی تھی۔

تحقیقات کے لئے بنائی گئی 12 رکنی کمیٹی میں میں انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے افسران بھی شامل ہیں، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔

کمیٹی آڈیو لیکس کی تحقیقات کے بعد سفارشات وزیراعظم کو رپورٹ کرے گی۔

کابینہ کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ ایف آئی اے کے سینئر حکام پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے اوراس میں آئی بی اور آئی ایس آئی سمیت حساس اداروں کے افسران بھی شامل کیے جائیں۔

پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ، وفاقی حکومت نے حکمت عملی تیار کرلی

مالی معاونت فراہم کرنے والے افراد کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔۔۔۔
شائع 04 اکتوبر 2022 07:26pm
اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں (فوٹو:فائل)
اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں (فوٹو:فائل)

وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس میں میں پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے کو روکنے سے متعلق حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی۔

سکیورٹی ایجنسیز نے بریفنگ میں بتایا کہ لانگ مارچ شرکاء کی تعداد 15سے 20 ہزار کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارچ کے دوران امن وامان یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس سمیت سندھ پولیس، رینجر،اور ایف سی کی 30 ہزار نفری کا بندوبست کیا جائے گا۔

ممکنہ لانگ مارچ کے دوران ریڈ زون میں واقع سرکاری عمارتوں اور ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی پاک فوج کے حوالے کی جائے گی۔

پاک فوج دارلحکومت اسلام آباد میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات ہوگی- آتشیں اسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی کے ساتھ ساتھ لانگ مارچ کو لاجسٹک اور مالی معاونت فراہم کرنے والے افراد اور تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

وزیر داخلہ نے شرکا کو واضح ہدایات دیں کہ لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد کے شہریوں کی نقل وحمل کی آزادی، اسپتالوں اور سکولوں کو فعال رکھا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے اپنے ٹویٹ میں پی ٹی آئی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تم آو تو سہی چھپ کر نہ بیٹھ جانا۔۔۔۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔
شائع 04 اکتوبر 2022 06:11pm

الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مصروف ہے، جس کے باعث بلدیاتی انتخابات کیلئے سیکیورٹی کی فراہمی ممکن نہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے ۔

جس پر الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ الیکشن کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنا صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی ڈویژن میں الیکشن کے دوران اضلاع میں پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنائے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 16 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے 9 اور صوبائی اسمبلی پنجاب کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے حکام کو وزارت داخلہ و دفاع سے دوبارہ رابطہ کرتے ہوئے حساس پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لئے وفاقی حکومت سے 600 ملین کی رقم مانگی جو ابھی تک فراہم نہیں کی گئی، رقم کی عدم فراہمی سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔

میں نے نیب کی نئی ترامیم سے ریلیف نہیں لیا: مریم نواز

عمران خان معافی مانگنے کے بجائے این آراو کی رٹ لگا رہا ہے۔۔
اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2022 09:48pm
لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پریس کانفرنس کر رہی ہیں: اسکرین گریب: آج نیوز یوٹیوب
لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پریس کانفرنس کر رہی ہیں: اسکرین گریب: آج نیوز یوٹیوب

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں نے نیب کی نئی ترامیم سے ریلیف نہیں لیا، ظلم نے ایک دن مٹنا ہوتا ہے، یہ ہمیشہ کیلئے نہیں ہوتا، کہا جا رہا ہے کہ اسحاق ڈار کی واپسی این آر او ہے، اسحاق ڈار کی واپسی سے معیشت بہتر ہورہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے بے بی ڈے کیئرسینٹرمیں 57 دن حبس بےجا میں رکھا گیا، 57 دن بعد مجھے کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا گیا- نیب مقدمات میں خواتین کوگرفتارکرنےکی تاریخ نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو خواتین کے لیے بنایا ہی نہیں گیا تھا، وہاں جو سیل بنے ہوئے ہیں وہ مرد حضرات کے لیے ہیں، مجھ سے پوچھا جاتا تھا کھانے کا مینو کون بناتا ہے،فیصلے کون کرتاہے؟

ان کا کہنا تھا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کےانکشافات قوم کےسامنے ہیں، میں 6سال تک پاناما کے جھوٹے مقدمے کو بھگتتی رہی، یہ کاغذ کا ایک ٹکڑا تک بطور ثبوت پیش نہیں کرسکے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کواقتدارمیں لانے کیلئے پاناما کا کھیل رچایا گیا، انشااللہ ایک دن قوم کے سامنے حقیقت آکر رہے گی، عمران خان کوالیکشن جتوانے کیلئے یہ سارا ڈرامہ رچایا گیا، میں نےوکیل کوہدایات کی تھیں کہ نیب کی نئی ترامیم کافائدہ نہیں اٹھانا، جھوٹا مقدمہ جو قوم کے سامنے آیا آپ اس کواین آراو کہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے 3 سال بعد پاسپورٹ واپس مل گیا، پاسپورٹ ملنے پر مجھے خوشی ہے، پاسپورٹ رکھنے کامیرا بنیادی حق کیوں چھینا گیا؟

لیگی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان معافی مانگنے کے بجائے این آراو کی رٹ لگا رہا ہے، پنجاب میں حکومت ملی تو فرح خان کے کیس ختم کرائے، یہ این آراوہوتاہے، تمہاری خلاف اتنے بڑے بڑے کیسز ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں مجرم یہ ثابت ہوا، فرح خان کوراتوں رات باہربھیج دیاگیایہ این آراونہیں۔

نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر جھوٹ بولو گے تو ساری زندگی رونا پڑے گا، ٹیکسلا جلسے میں جو کچھ بولا گیا اس پرآپ کوشرم آنی چاہیے۔ اقتدارمیں تھے تو سب اچھے اور اقتدار گیا توسب برے ہوگئے، عمران خان ایوان صدر میں ملاقاتیں کرکے رات کواین آراو مانگتاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسوں میں ان کی ساری تقاریر میرے خلاف ہوتی ہیں، کیا جلسوں میں بھول جاتے ہو کہ مریم نوازایک عورت ہے، دانیال،عزیز اور دیگر لوگوں کو بھی معافی ملنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ٹی وی انٹرویو میں کہاکہ سائفر گم ہوگیا، سائفر حکومت کی امانت ہے کوئی ہیرے کی انگوٹھی نہیں، ریاست کی دستاویز کو آپ نے غائب کیا, دنیا آج پاکستان کو سائفر بھیجنے سے ڈرتی ہے.

مریم نواز نے پاسپورٹ ملنے کی خوشی کس طرح منائی؟

مریم نواز کی ملک سے جلد روانگی متوقع۔۔۔
شائع 04 اکتوبر 2022 04:17pm
تصویر: ٹوئٹر/مریم نواز
تصویر: ٹوئٹر/مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاسپورٹ واپس ملنے کی خوشی دال چاول کھا کر منائی۔

لاہور ہائیکورٹ سے واپسی پر مریم نواز نے کشمیری دال چاول کھائے اور ٹوئٹر پر تصاویر بھی شئیر کیں۔

مریم نواز نے ٹوئٹ میں لکھا، “الحمدللہ میرا پاسپورٹ مجھے مل گیا۔ “

متوقع لندن روانگی

عدالت عالیہ نے ایک روز قبل مریم کو ان کا پاسپورٹ واپس دینے کا حکم جاری کیا تھا۔

عدالتی پیشی پر معمول کی کارروائی کے بعد انہیں پاسپورٹ واپس مل گیا۔

پیشی کے موقع پر آج ٹی وی نے مریم سے سوال کیا کہ وہ لندن کب جا رہی ہی؟

جواب میں لیگی رہنما نے کہا، ”انشاءاللہ جلد“۔

مریم کے مطابق ان کا پاسپورٹ تقریباً چار برس نیب کی تحویل میں رہا اور جس ریفرنس میں پاسپورٹ تحویل میں لیا گیا وہ کبھی دائر ہی نہیں ہوا۔

عالمی رہنما عمران خان کو بدتمیز، جھوٹا اور نرگسیت پسند سمجھتے ہیں، شہباز

میرے ملک کی ساکھ ان جھوٹوں کی وجہ سے بہت بری طرح تباہ کردی گئی
شائع 04 اکتوبر 2022 04:09pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اس دنیا کا سب سے بڑا جھوٹا ہے اوران کے جھوٹوں سے پاکستان کو نقصان پہنچا۔

برطانوی اخبار گارجین کو انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر انہیں یہ جان کر صدمہ ہوا کہ کئی عالمی رہنماؤں نے عمران خان کے رویے کا ذکر کیا۔

”کچھ رہنماؤں نے ذاتی طور پر مجھے اس کے کردار کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بدتمیز تھا، جھوٹ بولتا تھا اور نرگسیت پند تھا۔“

شباز شریف نے کہاکہ اقتدارسےہٹانےجانےپر عمران خان معاشرے میں زہرکھول رہےہیں، وزیراعظم بن کرمعلوم ہواکہ عمران خان نےکس طرح ملک کونقصان پہنچایا۔

شہباز شریف نے کہاکہ عمران خان ملک کوذاتی ایجنڈے کے تحت چلارہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدیدمعاشی بحران کی لپیٹ میں ہے اور اسے مہنگائی اورکرنسی کی قدرمیں کی کا سامنا ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ آڈیو لیکس اس بات پر ناقابل تردید ثبوت ہیں کہ عمران خان اس دھرتی پر سب سے بڑا جھوٹا ہے۔ میں یہ بات خوشی سے نہیں کہہ رہا بلکہ شرمندگی اور تشویش میں کہہ رہا ہوں کہ میرے ملک کی ساکھ ان جھوٹوں کی وجہ سے بہت بری طرح تباہ کردی گئی ہے جو صرف گھٹیا ذاتی مفادات کے لیے بولے گئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس سے پہلے انہیں کبھی اپنے ملک کے مستقبل کے حوالے سے اتنی فکر نہیں ہوئی جتنی اب ہے کیونکہ عمران خان نے معاشرے میں لامحدود مقدار میں زہر گھول دیا ہے اور اسے بری طرح تقسیم کر دیا ہے۔ وہ حائق کو مسخ اور نفرت پیدا کر رہا ہے۔

گارجین سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری بنیادی شکایت یہ ہے کہ عمران خان جسے عدالتوں نے آئین شکنی کا مرتکب قرار دے دیا اسے گرفتار کیوں نہیں کیا جا رہا۔

نواز شریف کا حکومت میں کردار

انٹرویو کے دوران شہباز شریف نے کھل کر کہا کہ وہ حکومتی معاملات پر ”میرے رہنما اور میرے بڑے بھائی“ سے مشاورت کرتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے انہیں فیصلے کرنے کا مکمل اختیار دے رکھا ہے۔

مارچ کی تیاریوں کے لیے عمران پشاور میں

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان منگل کی سہ پر پشاور روانہ ہو گئے۔ عمران خان اپنے دورے کے دوران پشاور، مالاکنڈ, صوابی...
شائع 04 اکتوبر 2022 02:47pm

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان منگل کی سہ پہر پشاور روانہ ہو گئے۔

عمران خان اپنے دورے کے دوران پشاور، مالاکنڈ، صوابی اور ہزارہ ریجن کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کریں گے۔

وہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ضلعی ناظمین کے خصوصی اجلاس کی بھی صدارت کریں گے اور اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے تنظیمی ذمہ داران کو خصوصی اہداف دیں گے۔

تعلیمی اداروں میں جلسوں پرپشاور ہائیکورٹ کا اظہار تشویش

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ایسا نہ کرنے کی ہدایت کردی
شائع 04 اکتوبر 2022 02:42pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

**پشاور ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں جلسوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ **

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصررشید نے شہر کے تعلیمی اداروں اورمصروف سڑکوں پر جلسے و احتجاج کو انتظامیہ کی ناکا می قرار دیتے ہوئے ایسا کرنے سے منع کیا ہے۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ اسمبلی چوک اور ہائیکورٹ کے سامنے کوئی احتجاج نہ کریں، تعلیمی اداروں میں بھی جلسے نہیں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے تعلیم کے لیے ہوتے ہیں جہاں کسی قسم کی سیاسی سرگرمیاں نہیں ہونی چاہئیں۔

انہوں نے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ حکومت کو اس حوالے سے تشویش سے آگاہ کریں۔

جسٹس قیصر رشید نے مزید کہا کہ اسمبلی چوک میں احتجاج سے پورے شہرکا ٹریفک نظام متاثر ہوتا ہے، یہ انتظامیہ کی بھی ناکامی ہے۔ احتجاج کرنے والے جہاں سے آتے ہیں انہیں وہیں روک دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے لاہورکی جی سی یونیورسٹی میں جلسے کے بعد پشاور کے تاریخی ایڈورڈز کالج میں طلباء سے خطاب کیا تھا جس پرخاصی تنقید کی گئی تھی۔

مخالفت کرنے والوں کا کہناتھا کہ تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک رکھنا چاہیے۔

مریم نواز کی جلد لندن روانگی

پاسپورٹ واپس مل گیا
اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2022 03:28pm

مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز شریف اپنے پاسپورٹ واپس لینے کیلئے منگل کو لاہور ہائیکورٹ پہنچیں۔

عدالت عالیہ نے ایک روز قبل مریم کو ان کا پاسپورٹ واپس دینے کا حکم جاری کیا تھا۔

عدالت پیشی پر مریم کے وکیل امجد پرویز بھی ان کے ساتھ تھے۔ معمول کی کارروائی کے بعد انہیں پاسپورٹ واپس مل گیا۔

پیشی کے موقع پر آج ٹی وی نے مریم سے سوال کیا کہ وہ لندن کب جا رہی ہی۔ جواب میں لیگی رہنما نے کہا، “ انشاءاللہ جلد“

مریم نواز نے یہ بھی بتایا کہ منگل کو ساڑھے چار بجے وہ پریس کانفرنس کر رہی ہیں۔

مریم نواز کے مطابق ان کا پاسپورٹ تقریباً چار برس نیب کی تحویل میں رہا جب کہ جس ریفرنس میں پاسپورٹ تحویل میں لیا گیا وہ کبھی دائر ہی نہیں ہوا۔

عدالت سے واپسی پر مریم نواز نے دال چاول کھاتے ہوئے اپنی ایک تصویر ٹوئیٹر پر شیئر کی۔

پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا

ریفرنس میں یوسف رضا گیلانی کی اہلیت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں
شائع 04 اکتوبر 2022 02:33pm
پی ٹی آئی نے ریفرنس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو جمع کروایا۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
پی ٹی آئی نے ریفرنس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو جمع کروایا۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا۔

پی ٹی آئی نے ریفرنس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو جمع کروایا ہے، ریفرنس میں یوسف رضا گیلانی کی اہلیت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے 2008 میں توشہ خانہ سے 4 گاڑیاں لیں، جن میں سے 3 گاڑیاں آصف زرداری کو دی گئیں، یوسف رضا گیلانی نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔

ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ سے ڈی سیٹ کیا جائے ، حلف کی خلاف ورزی کے باعث وہ ایوان بالا کے رکن نہیں رہ سکتے ۔

سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ ریفرنس کی شکل میں اسے الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے، یوسف رضا گیلانی نے اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی، آرٹیکل 63کے تحت اب سینیٹ کے رکن نہیں رہ سکتے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ریفرنس وصول کیا، انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق ریفرنس کا جائزہ لیں گے۔

عمران خان کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت

نیب قانون میں ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی...
شائع 04 اکتوبر 2022 01:58pm

نیب قانون میں ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں3رکنی بنچ سماعت کر رہا ہے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ مقدمے کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں گے۔

انہوں نے عمران خان کے وکیل سے پوچھا کہ آپ کو دلائل مکمل کرنے کیلئے کتنا وقت درکار ہوگا۔

وکیل خواجہ حارث نے کہاکہ وہ مزید2دن میں دلائل مکمل کر لیں گے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے موجودہ حکومت کی طرف سے کی گئی نیب ترمیم کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔

صدرنے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا

صدرمملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس جمعرات کو ہوگا۔ صدرمملکت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس...
شائع 04 اکتوبر 2022 01:54pm

صدرمملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس جمعرات کو ہوگا۔

صدرمملکت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سےخطاب کریں گے۔ یاد رہے کہ پارلیمانی سال کے آغاز پر مشترکہ اجلاس سے صدر کا خطاب ایک آئینی تقاضا ہے۔

الیکشن کمیشن میں تعیناتیوں سے متعلق معلومات کا معاملہ، فریقین کو نوٹس جاری

پبلک باڈی سے متعلق عوام کو پتہ چلے گا کہ کیسے پبلک باڈی میں تعیناتیاں ہوتی ہیں
شائع 04 اکتوبر 2022 12:53pm
عدالت نے سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
عدالت نے سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن میں تعیناتیوں سے متعلق معلومات کے معاملے پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے الیکشن کمیشن میں تعیناتیوں سے متعلق معلومات شہری کو دینے کے انفارمیشن کمیشن کے حکم کے خلاف کیس کی سماعت کی، الیکشن کمیشن کی جانب سے وکیل منیرپراچہ عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ بتا دیں آپ سے انفارمیشن کیا مانگی گئی ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ حیران کن انفارمیشن مانگی گئی ہے لیکن بظاہر انفارمیشن کی جگہ کوئی اپنا رونا رو رہے ہیں، افسران کی تعیناتی سے متعلق انفارمیشن مانگی گئی ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ تو آپ ویب سائٹ پر تفصیل ڈال دیں ، کیا فرق پڑے گا، جتنی پبلک انفارمیشن جائے گی اتنا لوگ جانیں گے، پبلک باڈی سے متعلق عوام کو پتہ چلے گا کہ کیسے پبلک باڈی میں تعیناتیاں ہوتی ہیں، اس عدالت سے متعلق بھی ایک آرڈر آیا تھا ، ہم نے وہ معلومات ویب سائٹ پر لگا دی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ آپ کی بات ٹھیک ہے آپ نے دل بڑا کیا، آپ نے ڈال دی انفارمیشن ویب پر۔ سوال یہ ہے کل اس سے بڑی انفارمیشن مانگ لی جائے گی۔

چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے کہا کہ آرٹیکل 19 اے کا بھی سوال ہے، جس پر وکیل نے کہا کہ وہ تو پھر ایک بڑا سوال ہوگا۔

بعدازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

تاحیات نااہلی کا آرٹیکل 62 ون ایف ڈریکونین قانون ہے، چیف جسٹس

فیصل ووڈا کی تاحیات نااہلی پر سماعت
اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2022 04:31pm
چیف جسٹس عمر عطا بندیال
چیف جسٹس عمر عطا بندیال

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کےرہنما فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کےخلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ تاحیات نااہلی سے متعلق آرٹیکل باسٹھ ون ایف ایک ڈریکونین قانون ہے، اس کیس کومحتاط ہوکر سنیں گے۔

سینیٹر فیصل ووڈا کو دہری شہریت سے متعلق غلط بیانی پر 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا گیا تھا۔ اس سے قبل سپریم کورٹ سابق وزیراعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو بھی آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دے چکی ہے۔

منگل کے روز سماعت کے دوران فیصل واوڈا کے وکیل وسیم سجاد نے کہا کہ واوڈا نے 2018 میں انتخابات لڑے، دو سال بعدغلط بیان حلفی پرنااہلی کی درخواست دائر ہوئی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو غلط بیان حلفی پر تحقیقات کا اختیار ہے، حکم کو کالعدم قرار دیں تو بھی حقائق وہی رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کیس میں حقائق کا درست جائزہ لیا۔

نثارکھوڑو کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کہا کہ فیصل واوڈا نے دوہری شہریت تسلیم کی ہے.

تاہم چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ کیا الیکشن کمیشن تاحیات نااہلی کاحکم دے سکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل62 ون ایف ایک ڈریکونین قانون ہے، تاحیات نااہلی کیس کو محتاط ہو کر سنیں گے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

حکومت تاریخ کی سب سے احمق ٹیم پر مشتمل ہے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت تاریخ کی سب سے احمق ٹیم پر مشتمل ہے۔ سماجی رابطے کی...
شائع 04 اکتوبر 2022 11:41am

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت تاریخ کی سب سے احمق ٹیم پر مشتمل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کے متضاد اور غیر ذمہ دارانہ بیانات نے آئی ایم ایف پروگرام کے بارے میں مزید پیچیدگیاں پیدا کر دی ہیں،یہ حکومت تاریخ کی سب سے احمق ٹیم پر مشتمل ہے۔

انہوں نےکہا کہ آدھی کابینہ کے پاس محکمے ہی نہیں،جن کے پاس ہیں ان کو اپنے کام کی اے بی سی کا نہیں پتہ،آئی ٹی کی منسٹری سے ایک ڈیش بورڈ نہیں بنا۔

ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معاشی ٹیم مکمل کنفیوز ہے، سیاست ان کی دفن ہو چکی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اگر ٹیم کام کر رہی ہے تو نیب کیسز ختم کرنے کے ذمہ داروں کے لئے جو کمال مہارت سے ہر چوری اور ڈکیتی کا کیس کنارے لگا رہے ہیں ،نتیجہ یہ ہے کہ دھڑا دھڑ بریت ہو رہی ہے۔

’کال ناگزیر، تاخیر کی گنجائش نہیں‘

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسئلہ اپنے کیسز ختم کرانا تھا، مہنگائی اور غریب ایک بہانہ تھا۔ مفتاح کو اپنے...
شائع 04 اکتوبر 2022 11:22am

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسئلہ اپنے کیسز ختم کرانا تھا، مہنگائی اور غریب ایک بہانہ تھا۔ مفتاح کو اپنے رشتےدار سے تبدیل کروانا تھا اور گھر کی بات گھر ہی میں رکھوانا تھا۔

ایک ٹؤئیٹ میں انہوں نے کہا کہ غریب معاشی طور پر مرجائیں گے، ہر ایک نے اپنا کام نکلوانا ہے۔ اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے۔عمران کی کال ناگزیر ہے اور تاخیر کی گنجائش نہیں ہے۔

منی لانڈرنگ ریفرنس: وزیراعظم کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور

عدالت نے شہباز شریف کو پیشی کے لئے اپنا نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے دی
شائع 04 اکتوبر 2022 10:51am
منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔

منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا، احتساب عدالت نے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج قمر الزماں نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر سماعت کی۔

تاہم ملزمان آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوسکے اور دونوں کی جانب سے مستقل حاضری معافی کی درخواست احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی۔

وکلا کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اہم ملکی امور میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکیں گے جبکہ حمزہ شہباز کمر میں تکلیف کے باعث عدالت نہیں آسکتے لہذا عدالت ان کی حاضری معافی کی درخواستیں قبول کرے۔

عدالت نے وزیراعظم کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور شہباز شریف کو عدالت میں پیشی کے لئے اپنا نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے دی ۔

احتساب عدالت نے حمزہ شہبازکی مستقل حاضری معافی کی درخواست پرنیب سےجواب طلب کرتے ہوئے ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہان کو بیانات کے لئے طلب کرتےہوئے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

عمران آج پشاور میں۔ صوبائی کابینہ اجلاس ملتوی

اجلاس میں لانگ مارچ پر غور ہوگا
اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2022 11:02am

خیبرپختونخوا کابینہ کا آج (منگل کو ) ہونے والا اجلاس موخر کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں ڈینگی اورامن وامان سمیت 19 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جانا تھا۔

ادھر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج ایک روزہ دورے پرپشاور پہنچ رہے ہیں۔

عمران خان پارلیمانی پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

آج ٹی وی کے مطابق عمران خان اور پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں لانگ مارچ سمیت دیگر سیاسی صورت حال پرغور ہوگا۔

مارچ کی کال 12 ربیع الاول کے بعد؟

پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کی تاریخ کا حتمی اعلان تاحال نہیں کیا گیا
شائع 04 اکتوبر 2022 09:29am

پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کی تاریخ کا حتمی اعلان تاحال نہیں کیا گیا اگرچہ فواد چوہدری سمیت پارٹی رہنماؤں نے ہفتہ کو اشارے دیئے کہ مارچ سات دن میں ہوگا۔

بعض اطلاعات کے مطابق مارچ میں تاخیر کا سبب عمران خان اور طاقتور حلقوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات ہیں۔ صحافی انصار عباسی نے منگل کو دعویٰ کیا کہ صدر عارف علوی نے ان مذاکرات میں کردار ادا کیا۔

عباسی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے باوجود عمران خان مارچ کی 12 ربیع الاول کے بعد مارچ کی کال دے سکتے ہیں۔

عمران خان نے گذشتہ دنوں نجی ٹی وی کو انٹرویو میں اہم شخصیت سے ایوان صدر میں ملاقات کی خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی تھی۔ اس حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا تھا کہ ”جھوٹ میں بولنا نہیں چاہتا، سچ میں بول نہیں سکتا۔“

اہم شخصیت سے متعلق ٹوئیٹ شیریں مزاری کو ڈیلیٹ کرنا پڑگئی

فضائی اڈوں سے متعلق معاہدے پر سابق وزیر کا دعویٰ چیلنج
اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2022 10:36am
شیریں مزاری۔ فوٹو فائل۔
شیریں مزاری۔ فوٹو فائل۔

پی ٹی آئی کی رہنما اور سابق وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کو ایک اہم شخصیت کے دورہ امریکہ سے متعلق ٹوئیٹ کچھ ہی دیر میں ڈیلیٹ کرنا پڑگئی۔

شیریں مزاری نے اپنی ٹوئیٹ میں موجودہ حکومت کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن سوشل میڈیا صارفین نے فوراً ہی ان کی غلط بیانی پکڑ لی۔

پی ٹی آئی کی رہنما نے پیر کی شب نو بجے سی این این کی ایک خبر کا لنک شیئر کیا۔ خبر کی سرخی تھی، ”امریکی پاکستان کے ساتھ ایک باقاعدہ معاہدے کے قریب پہنچ رہا ہے جس کے تحٹ امریکہ کو پاکستانی فضائی حدود افغانستان میں فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔“

شیریں مزاری کی پہلی ٹوئیٹ جو انہوں نے ڈیلیٹ کر دی
شیریں مزاری کی پہلی ٹوئیٹ جو انہوں نے ڈیلیٹ کر دی

شیریں مزاری نے خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا تو اب پتہ چلا، جب عمران خان نے اڈوں کے لیے ”ایبسولوٹلی ناٹ“ کہا تو امریکہ نے پاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی سازش کیوں کی۔ کیا یہی وجہ ہے کہ ایک وی آئی پی شخصیت اس وقت امریکہ میں کیوں ہے؟ کیا آئی ایس پی آر اس پر کوئی روشنی ڈال سکتا ہے۔

تاہم سوشل میڈیا صارف نے جلد ہی نشاندہی کی کہ شیریں مزاری نے جس خبر کا ذکر کیا ہے وہ 23 اکتوبر 2021 کی ہے جب پاکستان میں عمران خان کی حکومت تھی۔

پول کھلنے پر شیریں مزاری نے ٹوئیٹ ڈیلیٹ کر دی اور وہی خبر دوبارہ شیئر کرتے ہوئے پینترا بدل لیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے خبر پر تاریخ کی نشاندہی کی
سوشل میڈیا صارفین نے خبر پر تاریخ کی نشاندہی کی

انہوں نے کہا کہ میں نے اس وقت بھی پوچھا تھا کہ امریکہ اس معاہدے کے لیے کس سے بات کر رہا تھا جب جون 2021 میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان پہلے ہی امریکہ کو ڈرون اور دیگر سہولتیں فراہم کرن پر ”ایبسولوٹلی ناٹ“ کہہ چکے تھے۔ حکومت کی تبدیلی کی امریکی سازش کا بنیادی محرک یہی ہے۔

”اب جب کہ امپورٹڈ حکومت اور ان کی دوڑیں ہلانے والے میدان میں ہیں کیا یہ معاہدہ آگے بڑھ کر ٖثمر آور ہو گا۔ کیا وی آئی پی شخصیت کے دورہ امریکہ کے دوران ہمیں اس پر پیشرفت کی توقع کرنا چاہیے۔ آئی ایس پی آر اس پر شیئر کرنے کیلئے کچھ ہے، برائے مہربانی۔“

دو روزہ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ شیریں مزاری کو اپنی ٹوئیٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی۔ اس سے پہلے انہوں نے مریم نواز کی فوٹو شاپ شدہ ہتک آمیز تصویر ٹؤئیٹ کی تھی جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ حتیٰ کہ ان کی اپنی بیٹی ایمان مزاری نے بھی ان کے فعل سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔

عمران خان کی پارٹی قیادت کو آزادی مارچ کی تیاریوں کی ہدایت

اسی ہفتے لانگ مارچ کی کال دیں گے، عمران خان
شائع 03 اکتوبر 2022 08:10pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے پارٹی قیادت کو آزادی مارچ کی تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسی ہفتے لانگ مارچ کی کال دیں گے، این آر او زدہ حکومت کے جانے کا وقت آگیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تمام اضلاع میں پارٹی تنظیمیں مارچ کی قیادت کریں گی۔

حکومت کے خلاف پی ٹی آئی کی فائنل کال کی تیاریوں کے حوالے سے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں اجلاس ہوا جس میں تحریک پر مشاورت کی گئی۔

عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی اور ضلعی قیادت کو آزادی مارچ کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

عمران خان نے کہا کہ اسی ہفتے لانگ مارچ کی کال دیں گے، بھرپور انداز میں کارکنان اور عوام کی شرکت یقینی بنائیں۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کی تیاریاں حتمی مرحلہ میں داخل ہوگئی ہیں، تمام اضلاع میں پارٹی تنظیمیں مارچ کی قیادت کریں گی۔

رہنما تحریک انصاف نے مریم نواز کی عدالت سے بریت اور اسحاق ڈارکی واپسی کو ملکی نظام انصاف پر طمانچہ قرار دے دیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے مقدمات ختم کرنے پر لگی ہوئی ہے جبکہ ہمارا نظام انصاف، معیشت اور سیاست مکمل طور پر بیٹھ گئی ہے۔