کراچی میں عوام ایک بار پھر ڈاکوؤں کے نشانے پر
کراچی میں ڈکیتی کے واقعات نے ایک بار پھرسراٹھالیا، شادمان ٹاؤن میں گزشتہ رات ڈکیتی مزاحمت پرحافظ قرآن کو قتل کردیا گیا۔ مقتول اسامہ والدین کا اکلوتا بیٹا تھا جو دوستوں کے ہمراہ نئی موٹرسائیکل خریدنے نکلا تھا۔
میڈیا سے گفتگو میں غمزدہ والد نے بتایا کہ اسامہ سے چند روز قبل ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل چھین لی تھی، دوستوں کے ہمراہ دوسری بائیک خریدنے گیا تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
والد کا کہناتھا کہ اسامہ میرے ساتھ کام کرتا تھا، میراایک ہی بیٹاتھا جوڈاکوؤں نےچھین لیا۔
گلستان جوہر میں پولیس کی فائرنگ سے نوجوان زخمی
دوسری جانب کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا۔
امان نامی نوجوان دوستوں کے ساتھ چائے پی کر واپس جارہا تھا کہ اسنیپ چیکنگ پر مامورپولیس نے رکنے کا اشارہ کیا، اسی دوران موٹرسائیکل پھسل گئی اور پولیس نے مشتبہ سمجھ کر فائرنگ کردی ۔
زخمی شخص کے ورثاءاورعلاقہ مکینوں نے ٹائرنذرآتش کرکےاحتجاج کیا، جس کے بعد پولیس حکام کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ واقعےمیں ملوث اہلکاروں کومعطل کرکےکارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔اسنیپ چیکنگ پولیس اسٹیشن گلستان جوہر کے ناکے پر موجود جوانوں نے کچھ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کے لیے کہا تھا۔
پولیس کی اسنیپ چیکنگ کے دوران کارروائی، 2 ملزمان گرفتار
دوسری جانب کورنگی پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں مطلوب 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کی شناخت بلال انور اورمحمد قیوم کے نام سے ہوئی۔
ملزمان کا کورنگی کے مختلف مقامات سے درجنوں موٹر سائیکل چوری کرنے کا انکشاف ہواہے۔
پولیس نے زمان ٹاؤن سے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرلیا۔
Comments are closed on this story.