’ڈالر 200 روپے سے بھی نیچے جائے گا‘
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں ڈالر 200 روپے سے بھی نیچے چلا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈالر کی اس وقت جو قدر ہے، وہ حقیقی نہیں، اصل قدر 200 روپے سے کم ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ادارہ شماریات آزاد ادارہ ہے اور وہ ہیرا پھیری نہیں کرتا۔ اِس وقت ڈالر بین الاقوامی طور پر مضبوط تو ہے، لیکن اپنی پالیسیوں کے تحت ڈالر کو 200 روپے سے نیچے لے کر آئیں گے۔
اسحاق ڈار کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستانی روپی کی قدر میں پیر کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں مسلسل ساتواں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو انٹر بینک مارکیٹ میں 0.5 فیصد سے زیادہ اوپر بند ہوا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق روپیہ 1.16 روپے یا 0.51 فیصد اضافے کے بعد 227.29 پر بند ہوا۔ پچھلے سات تجارتی سیشنوں میں روپے کی قدر مجموعی طور پر 12.41 روپے یا 5.45 فیصد بڑھ چکی ہے۔
پچھلے ہفتے کے دوران، روپیہ تقریباً پانچ فیصد تگڑا ہوا، امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ پانچوں سیشنز میں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا کیونکہ پاکستان کے اقتصادی معاملات میں اسحاق ڈار کی واپسی نے کرنسی مارکیٹ میں تیزی کے جذبات کو فروغ دیا۔
بزنس ریکارڈر کے مطابق تجزیہ کاروں نے کہا کہ اسحاق ڈار کی واپسی، جسے بڑے پیمانے پر ایک مضبوط روپے کے حامی کے طور پر دیکھا جاتا ہے، اور اسٹیٹ بینک کے اقدامات قیاس آرائیوں کی سرگرمیوں میں بھی کمی کا باعث بنے ہیں۔
Comments are closed on this story.