ایمان مزاری نے ماں کے فعل سے لاتعلقی ظاہر کردی
پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کی بیٹی نے اپنی ماں کی ایک حالیہ حرکت سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ شیریں مزاری نے ن لیگ کی رہنما مریم نواز کی ایک فوٹو شاپ شدہ ہتک آمیز تصویر ٹوئیٹ کی تھی جو ردعمل آنے پر انہوں نے ڈیلیٹ کردی تاہم کہا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں۔
ایمان مزاری جو کچھ عرصہ قبل ایک مقدمے میں اپنی والدہ کی گرفتاری پر انتہائی مضطرب اور فعال دکھائی دیں نے اتوار کو ماں کے اس فعل سے لاتعلقی ظاہر کی۔
ایمان زینب مزداری نے لکھا، ”میں کسی اور انسان کے قول و فعل کی زمہ دار نہیں ٹھہرائی جا سکتی. کسی شخص کے لیے آپ کے پیار اور احترام کے جذبات بھی آپ کو ان کی کہی ہوئی باتوں کا زمہ دار نہیں بنا سکتے. ایسے قریبی رشتوں کے ساتھ بنیادی باتوں پہ اختلاف ہونا ذاتی طور پر افسوس ناک صورت حال ہوتی ہے۔“
ایمان مزاری کا اشارہ شیریں مزاری پر ہونے والی تنقید کی طرف تھا۔
پی ٹی آئی کی رہنما نے عمران خان کی ایک تصویر کو فوٹو شاپ کر کے ٹوئیٹ کیا تھا۔ اصل تصویر میں عمران خان اپنے کتے کو کھانا کھلا رہے تھے۔ فوٹو شاپ کی گئی تصویر میں شیریں مزاری نے کتے کی جگہ مریم نواز کی تصویر لگا دی۔
لوگوں نے اس بات پر بھی شیریں مزاری کو برا بھلا کہا کہ انہوں نے مریم کی جو تصویر استعمال کی وہ اس وقت لی گئی جب مسلم لیگ(ن) کی رہنما اپنی والدہ کی قبر کے ساتھ بیٹھی تھیں۔
شدید ردعمل سامنے آنے پر شیریں مزاری نے فوٹو شاپ کی گئی تصویر ڈیلیٹ کردی اور اصل تصویر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہاکہ ”غلط تصویر ٹوئیٹ ہونے پر مریم سے بھرپور معذرت لیکن الفاظ باقی ہیں۔“
اس معاملے پر اب ٹوئٹر پر مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی دونوں طرف سے طوفان برپا ہےاور ایک دوسرے کے لیے سخت الفاظ استعمال کیے جا رہے ہیں۔
ایمان مزاری پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں اور لاپتہ افراد کے معاملے پر پی ٹی آئی دور میں آواز اٹھاتی رہی ہیں۔
ان کی والدہ کو مئی میں ہزاروں کینال اراضی کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ایمان مزاری نے اپنی والدہ کی رہائی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا تاہم اس دوران وہ ایک اہم شخصیت کے خلاف کچھ الفاظ ادا کر گئیں۔ اس معاملے پر ایمان مزاری نے عدالت میں معافی مانگی تھی۔
Comments are closed on this story.