Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم نے ایک بار پھر عمران خان کو مل کر کام کرنے کی پیشکش کردی

عمران خان اللہ کے عذاب سے ڈرو، پھر کہتا ہوں، آؤ آگے بڑھو، ملکی ترقی میں حصہ ڈالو،
اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2022 02:24pm
عمران خان جیسا جھوٹا اور غیر ذمہ دار آدمی زندگی میں نہیں دیکھا، شہباز شریف

وزیراعظم شہبازشریف نے ایک بار پھر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ملکی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کی پیشکش کردی اور کہا کہ عمران خان اللہ کے عذاب سے ڈرو، پھر کہتا ہوں، آؤ آگے بڑھو، ملکی ترقی میں حصہ ڈالو۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہ کہوبائی پاس ساڑھے 5 کلو میٹر کا منصوبہ ہے، آج ہم ایک عظیم عوامی منصوبےکا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں، اس منصوبے کا ٹھیکہ شفاف انداز میں این ایل سی کو دیا ہے، منصوبہ 4 ماہ میں مکمل کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔

وزیرعظم کی منصوبہ 3 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

وزیرعظم نے منصوبے کو 3 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سابقہ ادوار میں ایسے منصوبے 2 سے ڈھائی ماہ میں مکمل ہوتے رہے ہیں، منصوبے کا تعمیری معیارمثالی ہونا چاہیئے، کوشش کی جائے گی کہ منصوبے کے تخمینے میں کمی کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، 6 ارب کے منصوبے سے جڑواں شہروں کے عوام کو آسانی ہوگی، نواز شریف دور کے منصوبے اب تک شروع نہیں کیے گئے، تاخیر کے شکار منصوبوں کو مکمل کرارہے ہیں، منصوبوں کو سابقہ حکومت کو مکمل کرنا چاہیئے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت کو عوام کے دکھ اور تکالیف کا کوئی احساس نہیں تھا، احساس ہوتا تومسائل حل ہوتے، ماضی کی حکومت نے عوام کے فلاحی منصوبے شروع کرنے کی بجائے مسلسل جھوٹ بولا۔

’عمران خان جیسا جھوٹا اور غیر ذمہ دار آدمی زندگی میں نہیں دیکھا‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان دن رات جھوٹ بولتے ہیں، بڑے بھائی کی قیادت میں 40 سال عوام کی خدمت کی، میں نے عمران خان جیسا جھوٹا اور غیر ذمہ دار آدمی زندگی میں نہیں دیکھا، عمران خان سر سے پاؤں تک جھوٹ میں ڈوبا ہوا ہے اور قوم کو دھوکا دے رہا ہے ۔

شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان دن رات ملک کے خلاف سازش کرتے رہے، انہوں نے پوری اپوزیشن کو غدار قرار دے دیا، عمران خان نے جھوٹ بولا اور قومی وقار داؤ پر لگایا، ان کا امپورٹڈ حکومت کا بیانیہ پاش پاش ہوگیا۔

’عمران خان کی آڈیولیک میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آڈیولیک میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا، آڈیو لیکس سےعمران خان کی سازش بےنقاب ہوگئی، آڈیو لیکس میں ثابت ہوگیا کہ عمران خان کیسے اپنے سیکرٹری کو جھوٹی سازش بنانے کا کہہ رہا ہے، آڈیولیک سے قبل بھی لوگ جانتے تھے کہ سائفر میں کوئی حقیقت نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نےاداروں میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، ان کے جھوٹے بیانیے نے عوام کے 5 مہینے ضائع کردیے، آج تک کبھی کسی نے اپنی قوم کے خلاف ایسی سازش نہیں کی، ان کی غلط خارجہ پالیسی کی وجہ سے دوست ممالک ناراض ہوئے۔

’عمران نے ایک کروڑ گھر کا وعدہ کیا ایک اینٹ نہیں لگائی‘

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک کروڑ گھر کا وعدہ کیا لیکن ایک اینٹ نہیں لگائی، مہنگائی کا طوفان عمران حکومت کی وجہ سے آیا، ان کی حکومت ہوتی تو پاکستان خدانخواستہ دیوالیہ ہوجاتا، ہم نے ملک بچانے کے لئے اپنی سیاست کو داؤ پر لگایا، ہم نے گزشتہ حکومت کی ناکامیوں کا بوجھ اٹھایا اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، جس نے ملک میں تباہی مچادی اور عمران خان سیاسی جلسے کرتا رہا، عوام خدمت اور فراڈ میں فرق کو پہچانیں، ہم پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے اور عظیم بنائیں گے، اپنی ذات اور اختلافات سے بالاتر ہوکر مل کے ملک کی ترقی کے لئے کام کریں ۔

’ہماری اتحادی حکومت آئینی انداز میں ووٹ کے ذریعے آئی‘

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ورلڈکپ جیتنے میں ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا کردار ہوتا ہے، ہماری اتحادی حکومت آئینی انداز میں ووٹ کے ذریعے آئی۔

اسلام آباد

imran khan

project

audio leak

PM Shehbaz Sharif

innaugration

bhara kahu bypass