فیول ایڈجسٹمنٹ، کے الیکٹرک صارفین کے لئے اچھی خبر
کراچی والوں کے لئے اچھی خوشخبری ہے کہ نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لئے بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کے الیکٹرک کی بجلی سستی کرنے کی درخواست پرسماعت کی۔
نیپرا کے کیس افسر نے بتایاکہ کے الیکٹرک نے اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ کمی کی تجویزدی تھی۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست منظورکرتے ہوئے بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔
نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی اگست میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے اور بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔
بجلی سستی ہونے سے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا تاہم حتمی فیصلہ نیپرا اتھارٹی بعد میں جاری کرے گی۔
نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہےجبکہ کےالیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔
سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےکیا کررہی ہے، جس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےقابل تجدید توانائی اور گیس پر پیداوار بڑھانے کا پروگرام ہے۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کےالیکٹرک کو پیداوار سے 24 روپے فی یونٹ سستی بجلی مل رہی ہے، کے الیکٹرک اپنی سستی پیداوار بڑھانے کے لئے اپنے اقدامات پر ریگولیٹر کو بتائے۔
اس دوران نیپرا کے کیس افسر نے کہا کہ حکومت 15 روپے فی یونٹ ٹیرف میں سبسڈی دے رہی ہے۔
Comments are closed on this story.