Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

تنبیہ کرنا چاہتا ہوں کوئی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، جنرل ندیم رضا

افواج پاکستان ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے
شائع 29 ستمبر 2022 10:50am
عالمی امن کے قیام کے لئے پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں، سی جے سی ایس سی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
عالمی امن کے قیام کے لئے پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں، سی جے سی ایس سی فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام کے لئے پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں، تنبیہ کرنا چاہتا ہوں کوئی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، افواج پاکستان ہرطرح کےخطرات سےنمٹنےکی صلاحیت رکھتی ہے۔

اصغرخان اکیڈمی رسالپور میں پاک فضائیہ کی 146ویں گریجویشن تقریب منعقد ہوئی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا تقریب کےمہمان خصوصی تھے ۔

جنرل ندیم رضا نے پریڈ کا معائنہ کیا اور پاس آؤٹ ہونے والے گریجوایٹس کو بیجز لگائے۔

جس کے بعد پاس آؤٹ ہونے والے گریجویٹس نے حلف اٹھالیا، جنرل ندیم رضا نے پاس آؤٹ ہونے والوں کو مبارکباد پیش کی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں شرکت کرکے بے حد خوشی ہورہی ہے، پاس آؤٹ ہونے والے گریجویٹس یاد رکھیں کہ آج سے ان کی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز ہورہا ہے، آپ کو ہمشہ جدید ٹیکنالوجی اور رحجانات سے ہم آہنگ ہونا ہوگا، گریجویٹس کو امن اور جنگ میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔

جنرل ندیم رضا نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں، سعودیہ سےدفاع سمیت مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں، سعودی رائل ایئر فورس کے کیڈٹس بھی آج پاس آؤٹ ہونے والے گریجوایٹس میں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پر امن بقائے باہمی کے اصول پر سختی سے کاربند ہے،عالمی امن کے قیام کے لئے پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں، تنبیہ کرنا چاہتا ہوں کہ امن کی خواہش کو کوئی کمزوری نہ سمجھے، پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی امیدوں کو پورا کیا ہے، افواج پاکستان ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،قائد اعظم کے فرمان کے مطابق فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔

Graduation ceremony

CJCSC

Pakistan Air Force

General Nadeem Raza

asghar khan academy risalpur