Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

مریم اورنگزیب کے ساتھ اس نوعیت کی ہراسانی ناقابل قبول ہے، عتیقہ اوڈھو

ہمیشہ قانون کی پیروی کریں ورنہ آپ پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، اداکارہ
شائع 26 ستمبر 2022 11:00pm

اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ پی ٹی آئی حامیوں کی بدتمیزی کو پاکستان کے لیے توہین قرار دے دیا۔

اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انسٹاگرام پر مریم اورنگزیب کی وائرل ہونے والی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے استعمال کی گئی زبان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے سیاسی مخالفین کے عمل کی مذمت کی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہر کسی کو دوسرے کے سیاسی خیالات سے اختلاف رکھنے کا حق حاصل ہے مگر کسی کو ہراساں کرنا نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی اسے قبول کیا جائے گا۔

انہوں نے مریم اورنگزیب کے خلاف لندن میں کی گئی بدتمیزی کو پاکستان کے لیے توہین قرار دیا۔

عتیقہ اوڈھو نے مزید لکھا کہ کوئی بھی شخص اپنے خراب طرز عمل سے کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کر سکتا، اس لیے سیاسی مخالفت بھی اخلاق کے دائرے میں رہ کر کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گدھ جیسا سلوک کرنا کوئی حل نہیں ہے، کسی کو گالی دینا حل نہیں ہے۔ جیتنے کے لیے کسی کو اپنا وقار کھونے کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے دوستوں اور مداحوں سے درخواست کرتی ہوں کہ اگر آپ حکومت سے خوش نہیں ہیں تو خود کو وقار کے ساتھ رکھیں اور ووٹنگ سسٹم کے ذریعے کام کریں، آپ برا سلوک کرکے کچھ حاصل نہیں کرسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے حقائق کو درست کریں، ان کے لیے ثبوت رکھیں اور پھر ہمیشہ قانون کی پیروی کریں ورنہ آپ پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔

Maryam Aurangzeb

Atiqa odho