Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

یہ چائے ہرگز ’غیرسیاسی‘ نہیں ہے

مریم،بلاول، نواز، عمران، فردوس سب ایک ساتھ دستیاب
شائع 26 ستمبر 2022 03:39pm
تصویر بشکریہ: 9 لائنزڈاٹ اسٹور
تصویر بشکریہ: 9 لائنزڈاٹ اسٹور

گرم چائے کی چُسکیوں کے ساتھ سیاسی معاملات پربحث بہت سے چھوٹے ہوٹلوں یا ریسٹورنٹس میں ممنوع ہوتی ہے کیونکہ پاکستان میں اس کا نتیجہ اکثروبیشتر دوچارافراد کا سرپھوٹنا بھی ہوسکتا ہے لیکن بےفکررہیں ، یہ سہولت اب “ تصویری ساشے پیک“ میں بھی دستیاب ہے۔

آن لائن ”9 لائنزڈاٹ اسٹور“ نے ایسے ٹی بیگزمتعارف کروائے ہیں جہاں سارے سیاستدان محمودوایاز کے مصداق ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔

پولیٹیکل پار- ٹی بیگ سیٹ کے نام سے عمران خان، نوازشریف ، مریم نواز، فردوس عاشق اعوان، بلاول بھٹو اورمرحوم سیاستدان عامرلیاقت کی تصاویرسے مزیّن یہ ٹی بیگزخاصی رنگین پیکنگ میں دستیاب ہیں۔

منفرد ٹی بیگزبنانے والوں نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے صارفین کو ترغیب دی ہے کہ اس کے ذریعے وہ اپنے پسندیدہ سیاستدان کو چُننے میں خوشی محسوس کرسکتے ہیں، چائے کے کپ کے ساتھ اس بات پربحث کی جاسکتی ہے کہ آپ کا پسندیدہ سیاستدان کیوں بہترین ہے اوراگرآپ کو یہ نہیں کرنا تو اس چائے کو سیاسی منظرنامے سے متعلق ایک مذاق کے طورپرلیں۔

آن لائن اسٹورکا دعویٰ ہے کہ یہ چائے سیشن آپ کوہنسی کے ساتھ ساتھ پُرلطف یادیں فراہم کرے گا۔

جہاں 6 سیاسی شخصیات کو ایک ساتھ نمائندگی دی گئی ہے وہیں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو یہ اعزاز الگ سے بھی بخشا گیا ہے۔

پارٹی کے نام سے متاثرہ اس ’تحریک چائے‘ ٹی بیگ سیٹ میں آپ صرف انہی کوراج کرتا دیکھیں گے اس لئے یہ سمجھنے میں کوئی دقت نہیں ہونی چاہیئے کہ یہ والی چائے خاص تحریک انصاف کے حمایتیوں کے لیے ہی ہےاور اس یقین کو مزید تقویت کیپشن بخشتاہے۔

ڈسکرپشن باکس میں واضح کیا گیا ہے کہ، ’ہمیں یقین ہے عمران خان صاحب ایک طویل دن کے اختتام پرکڑک گرم چائے کے کپ سے لطف اندوزہوتے ہیں اس لیے ہم نے ان کے اعزازمیں یہ ٹی بیگزبنائے۔‘

ساتھ ہی فالوورزکو بتایا گیا ہے کہ عمران خان سے سیکھا گیا سب سے بڑا سبق اپنے خوابوں کی پیروی ، سخت محنت کرنا ہے۔

اور اگر آپ کامیاب نہیں ہوتے تو’ ٹرائی ، ٹرائی اگین’ کی طرزپر یہی والی چائے کو ’چائے ، چائے اگین ’ فارمولا کے ساتھ پیتے رہیں۔

خوابوں کی تکمیل کا تو علم نہیں البتہ آپ مذکورہ کمپنی کا بزنس بڑھانے میں حصہ دارضرور بنیں گے اور یہی وہ اصل مقصد ہے جس کے تحت یہ سیاسی چائے وجود میں لائی گئی۔

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

imran khan

Firdous Ashiq Awan

Bilawal Bhutto Zardari

Aamir Liaquat Hussain

9Lines

POLITICAL PAR-TEA' TEA BAG SET

THEREEK-E-CHAI' TEA BAG SET