نامعلوم افراد کا اینیمل شیلٹر پر دھاوا، اشنا شاہ بھی بول پڑیں
اشنا شاہ نے لاہور میں نامعلوم افراد نے اینیمل شیلٹر پر دھاوا بولتے ہوئے متعدد کتوں پر تشدد اور زہر دے کر مارنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
لاہور کے علاقے تھانہ ہنجروال کی حدود میں قائم اینیمل شیلٹر پر سکینہ نامی خاتون کے ہمراہ 12 نامعلوم افراد آوارہ کتوں کی پناہ گاہ کی دیوار توڑ کر داخل ہوئے۔
ملزمان نے کتوں کے پنجروں کے تالے توڑ کر انہیں اینٹیں ماریں، پھر کچھ کو رسی سے باندھ کر جبکہ بعض کو ذہر دیکر مار ڈالا۔
اداکارہ اشنا شاہ نے اس معاملے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہر کوئی مشہور شخصیات کے رشتوں پر بات کرنے میں مصروف ہے وہیں لاہور میں قائم اینیمل شیلٹر پر بے رحمی سے حملہ کرنے کے گھناؤنے فعل پر کوئی رپورٹ نہیں کر رہا۔ 90 فیصد کتوں کو اینٹوں اور زہر سے مار دیا گیا جبکہ پولیس نے ایف آئی آر سے بھی انکار کر دیا۔
گلوکارہ نتاشا بیگ نے بھی لاہور میں پیش آنے والے اس واقعے پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔
شیلٹر ہاوس کی منتظم شاہدہ تحسین کا کہنا ہے کہ چار سے پانچ مرلے کے خالی پلاٹ میں آوارہ کتوں کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔
خاتون شاہدہ تحسین کا مزید کہنا ہے کہ واقعہ سے متعلق اندراج مقدمہ کی درخواست تھانے میں جمع کروادی گئی ہے، لیکن پولیس مقدمہ درج نہیں کررہی۔
Comments are closed on this story.