اہلیہ نے فیروز خان پر ذہنی و جسمانی تشدد کا الزام لگادیا
اداکار فیروز خان پر ان کی اہلیہ علیزہ سلطان خان نے ذہنی و جسمانی تشدد اور بے وفائی کا الزام لگایا ہے۔
علیزہ سلطان خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اپنے شوہر فیروز خان پر سنگین نوعیت کے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی کے 4 سال انتہائی تلخ رہے اس دوران میں نے شدید ذہنی اور جسمانی تشدد برداشت کیا۔
انہوں نے لکھا ہے کہ شادی کے دوران شوہر کی جانب سے بے وفائی، بلیک میلنگ اور تذلیل بھی برداشت کرنی پڑی ہیں، انتہائی سوچ و بچار کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ میں اپنی پوری زندگی اس ہولناک طریقے سے نہیں گزار سکتی۔
علیزہ سلطان خان نے کہا کہ فیروز خان سے علیحدگی کا فیصلہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل اور بہبود کے لئے کیا ہے کیونکہ میں نہیں چاہتی کہ میرے بچے اس زہریلے اور پرتشدد گھرانے میں پروان چڑھیں۔ مجھے ڈر ہے کہ کہیں ان کے ساتھ گزارہ وقت میرے بچوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب نہ کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے بچوں کو سکھاؤں گی کہ کوئی زخم اتنا گہرا نہیں ہوتا کہ مندمل نہ ہو سکے، کوئی زخم اتنا شرمناک نہیں کہ اسے تحفظ کی قیمت پر چھپایا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق حال ہی میں اداکار فیروز خان نے بچوں سے ملاقات کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت میں عدالت نے فیروز خان کو عدالتی اجازت کے بغیر بچوں سے ملاقات سے روک دیا۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں معروف پاکستانی اداکار فیروز خان اور ان کی اہلیہ علیزہ میں علیحدگی کی خبریں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر گردش تھیں۔
فیروز اور علیزہ نے انسٹا گرام پر ایک دوسرے کو ان فالو کر دیا تھا اور دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایک دوسرے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی ہٹا دی تھیں۔
یاد رہے کہ فیروز خان اور علیزہ نے 2018 میں شادی کی تھی، ان کے دو بچے (ایک بیٹا اور بیٹی) ہیں 3 مئی 2019 کو اس جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی جبکہ رواں برس 14 فروری کو فیروز خان نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ دو سال قبل پہلی مرتبہ دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
Comments are closed on this story.