Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم شہبازشریف لندن سے امریکا پہنچ گئے

23 ستمبر کو وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے
اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2022 03:01pm
وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہبازشریف لندن سے امریکا پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم 23 ستمبر تک جاری رہنے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچے ہیں جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیردفاع خواجہ آصف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم آج اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے استقبالیے میں شرکت کریں گے۔

نیویارک میں موجودگی کے دوران وزیراعظم کی دیگرممالک کے رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی،آج شہبازشریف کی فرانس کے صدرسے ملاقات ہوگی۔

وزیراعظم کی آسٹریا کے چانسلر اور سپین کے صدرسے بھی ملاقاتیں ہوں گی جبکہ شہبازشریف کی یورپی یونین کونسل کے صدرسے ملاقات بھی متوقع ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف ‘گلوبل فوڈ سیکیورٹی سمٹ’ میں بھی شرکت کریں گے جبکہ ‘گلوبل فوڈ سیکیورٹی سمٹ’ کا اہتمام سینیگال اورافریقی یونین کے صدرنے کیا ہے ۔

شہبازشریف کی 21 ستمبر کو آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جور جیوا اور ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپس سے ملاقات ہوگی۔

ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان کے علاوہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے بھی وزیراعظم کی دو طرفہ ملاقات ہوگی جبکہ شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر بھی ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم 21 ستمبر کو امریکا کے صدر جو بائیڈن کی طرف سے منعقدہ عشائیہ میں شرکت کریں گے جبکہ 21 ستمبر کو ہی شہباز شریف ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزازمیں ظہرانہ دیں گے۔

وزیراعظم کی فن لینڈ کے صدر سعالی نوسیتو سے ملاقات ہوگی اور 22 ستمبر کو شہباز شریف کی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے بھی ملاقات کریں گے ۔

اس کے علاوہ وزیراعظم شہبازشریف کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس سے ان کے دفترمیں ملاقات ہوگی۔

دورے کے دوران وزیراعظم کی چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ، جاپان کے وزیراعظم فیومیو کاشیڈا اور لیگزمبرگ کے وزیراعظم زیوئیربیٹل سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشیاکے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

23 ستمبر کو وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں سیلابی صورتحال، موسمیاتی تبدیلی اور کشمیر سمیت افغانستان پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سے بھی ملاقات ہوگی۔

وزیراعظم دورے کے دوران ممتاز امریکی اخبار اور ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز بھی دیں گے ۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 2 روز قبل ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے لندن پہنچے تھے۔

جہاں گزشتہ روز وزیراعظم نے ویسٹ منسٹر ایبے میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی۔

اس سے قبل لندن میں وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے بھی ملاقات کی تھی۔

london

United Nations

New York

America

UN GENERAL ASSEMBLY

PM Shehbaz Sharif