Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت ملک کو اسی طرح نیچے لے جاتے رہی تو ہمیں عوام کو کال دینا ہوگی: عمران خان

ملک کے طاقتور لوگوں کو میں نے واضح بتایا تھا کہ ہم نے بڑی مشکل سے معیشت کو سمبھالا ہے
شائع 15 ستمبر 2022 06:32pm
زیادہ دیر تک ہمارا صبر نہیں رہے گا، عمران خان

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ حکومت کے پاس معیشت کو گرنے سے بچانے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام نہ آیا تو مشکلات مزید بڑھ جائیں گی، حکومت کے پاس معیشت کو گرنے سے بچانے کا کوئی طریقہ موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی تھی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے بعد ملکی معیشت میں بہتری آئے گی، مگر پروگرام کے باوجود روپے کی قدر مسلسل کم ہو رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کی ساکھ نہ ملک کے اندر ہے نہ باہر، الیکشن میں تاخیر کا نقصان ملک کو ہو رہا ہے تاہم یہ لوگ سمجھتے تھے شہباز شریف آئے گا اور سب اچھا کردے گا۔

عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک خسارہ زیادہ ہوتا ہے تو ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے، آج انڈسٹریز بند ہونے سے ملک میں بیروزگاری بڑھ رہی ہے، ایکسپورٹس کم ہوگی تو ڈالر مہنگا ہوگا اور روپے پر دباؤ بڑھے گا جس کی وجہ سے اب پاکستان سری لنکا والی صورتحال کی طرف جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک کے طاقتور لوگوں کو بھی میں نے واضح بتایا تھا کہ ہم نے بڑی مشکل سے معیشت کو سمبھالا ہوا ہے، اگر سیاسی استحکام نہ رہا تو اس کا براہِ راست اثر ملکی معیشت پر پڑے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کومہنگائی سے بچانے کے لئے فوری الیکشن ضروری ہے، ہم پر کیسز کی بارش ہو رہی ہے جس سے ملکی معاملات حل نہیں ہوں گے، اگر یہ لوگ ملک کو اسی طرح نیچے لے جاتے رہے تو زیادہ دیر تک ہمارا صبر نہیں رہے گا اور پھر ہمیں عوام کو کال دینا پڑے گی۔

Shehbaz Sharif

economy

pakistan economy

اسلام آباد

imran khan

IMF

Srilanka crisis