Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی

ادویات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2022 05:24pm
وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں بینکوں کو اپنا کام چھٹی والے دن بھی جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں بینکوں کو اپنا کام چھٹی والے دن بھی جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

وفاقی کابینہ نے وزارتِ صحت کی جانب سے 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا،جس میں حکومتی کوٹے پر حجاج کی اوور بکنگ کے معاملے کی انکوائری رپورٹ زیرِ بحث آئی۔

رپورٹ کے مطابق کسی قسم کی بدنیتی کے ثبوت نہیں ملے، جن بینکوں کی جانب سے حجاج کی حکومتی کوٹے پر اوور بکنگ کی گئی تھی ،انہیں معاوضے کی رقم ادا کردی گئی ہے۔

وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں بینکوں کو اپنا کام چھٹی والے دن بھی جاری رکھنے کیلئے اسٹیٹ بینک کو ہدایت جاری کردی۔

وفاقی کابینہ نے ایسے ممالک جن کے ساتھ پاکستان کا قانونی مدد کے حوالے سے کوئی تحریری معاہدہ نہیں مشترکہ قانونی مدد کی درخواستیں قبول کرنے کی وزارتِ داخلہ کی سمری منظور کرلی۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ صحت کی جانب سے 10 ادویات پر ریٹیل پرائس بڑھانے کی سمری مسترد کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں، ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی قطعی حمایت نہیں کرتا،موجودہ صورتحال میں اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی مقدمات اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کر دی۔ کابینہ نے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی سفارش پر بجلی سے چلنے والے پنکھوں کیلئے کم ازکم توانائی کے معیار کی معیاد میں 30 جون 2023 تک توسیع کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے این ڈی ایم اے کیلئے 3 ارب روپے کے فنڈز مختص کرنے کے ای سی سی کے فیصلے کی توثیق بھی کردی ۔

وزیراعظم نے ملک میں گندم کی قیمت کے تعین اور یوریا کی تقسیم کے حوالے سے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر کرنے کیلئے کابینہ اراکین کو ٹاسک بھی سونپ دیا۔

سیلاب متاثرہ علاقوں میں دو تین ہفتے میں پانی اتر جائے گا، وزیراعظم

وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جو لوگ سیاست کررہے ہیں سب جانتے ہیں، متاثرین مدد نہ کرنے والوں کو پہچان گئے ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں دو تین ہفتے میں پانی اتر جائے گا، لوگ دوبارہ اپنے گھروں میں آباد ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہوئی ہے،عالمی حدت سے پاکستان کو سیلاب کا سامنا ہے، دنیا کو پاکستان کے نقصان کا ازالہ کرنا چاہیئے، انتونیو گوتریس نے بھی یہی بات دنیا کے سامنے رکھی ہے۔

federal cabinet

پاکستان

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

medicines