Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ سے برساتی پانی کے نکاس میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں، مراد علی شاہ

سندھ میں سیلاب نے سب تباہ کر کے دکھ دیا ہے، ہم سب کو متاثرین کی مدد کرنی ہے، وزیراعلیٰ
اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2022 05:21pm
وزیراعلیٰ سندھ نے قائداعظم کی برسی پر مزار قائد پر حاضری دی۔

کراچی: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ سے برساتی پانی کے نکاس میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی کے ہمراہ قائداعظم محمد علی جناح کی 74ویں برسی پر مزار قائد پہنچے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں سیلاب نے سب تباہ کر کے دکھ دیا ہے، ہم سب کو متاثرین کی مدد کرنی ہے، ہمارے پاس جو خیمے تھے وہ ناکافی تھے، جو ادویات کا بجٹ تھا وہ ہم نے جاری کردیا ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اس سے زیادہ تباہی انہوں نے نہیں دیکھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں 450 ایم اے ایف پانی آیا ہے، جس سے ہمارے 23 اضلاع ڈوب گئے، اندازہ ہے سوا کروڑ لوگ متاثر ہوئے ہیں، یہ کلائیمنٹ چینج کا نتیجہ ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں پر کام کرنا ہوگا، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلیشیئر پگل رہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب نے ہماری زراعت تباہ کردی، زرعی شعبے کو ساڑھے 300ارب کا نقصان پہنچا، گندم کی فصل مکمل طور پر ختم ہوگئی، گندم کی بوائی سر پر کھڑی ہے، ہدف گندم کی بوائی والا 75فیصد علاقہ صاف کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ سے بارش کے پانی کے نکاس میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں، اری گیشن کا نظام تباہ ہوگیا ہے، بحالی از حد ضروری ہے، بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے اور انہوں نے وہاں سے ہجرت کی، کراچی میں 18 ہزار متاثرین آئے ہیں، ان کیلئے نامناسب بیانات دیئے گئے۔

قائمقام گورنر آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ سیلاب نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا ہے، سب کو متاثرین کی مدد کرنی چاہیئے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ کے مزار قائد پہنچنے پر کابینہ اراکین اور چیف سیکریٹری نے ان کا استقبال کیا۔

مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعلیٰ سندھ اور قائمقام گورنر آغا سراج درانی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے تمام اضلاع میں مچھر مار اسپرے کروانے کے لئے نئی فوگنگ مشینیں خریدنے کے لئے23 ضلعی کونسلرز اور ڈی ایم سیز ملیر کو 48 کروڑ روپے جاری کردیئے۔

agha siraj durrani

CM Sindh

Murad Saeed

mazar e qauid

Sindh floods

Pakistan Flood

qaid e azam

74th death anniversary