آج ماحولیاتی تبدیلی کا شکار پاکستان ہوا ہے تو کل کوئی دوسرا ملک ہوگا: یو این سیکرٹری جنرل
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ صنعتی ممالک کو کاربن کے اخراج میں کمی لانا ہوگی۔
سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں جو کچھ دیکھا وہ لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی آج کے دور کا بڑا چیلنج ہے، سیلاب سے لاکھوں لوگ بے گھر ہوکر مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، غریب لوگوں کی زندگی مزید مشکل ہوچکی ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ سیلاب سےٖفصلیں تباہ ہوئیں، کئی جانور بھی بہہ گئے، پاکستان کو فوری طور پر بڑی مالی امداد کی ضرورت ہے، اس مشکل سے نکلنے کے لئے پاکستان کی مدد کرنا سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے، لہٰذا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو پاکستان کی مدد کرنا چاہئے۔
یو این سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کاربن کے پھیلاؤ میں جی 20 ممالک کا حصہ 80 فیصد ہے، اسی لئے صنعتی ممالک کو کاربن کے اخراج میں کمی لانا ہوگی، ورنہ آج ماحولیاتی تبدیلی کا شکار پاکستان ہوا ہے تو کل کوئی دوسرا ملک ہوگا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتونیو گوتریس کل پاکستان پہنچے ہیں جنہوں نے ملک کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے، سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی عوام بری طرح متاثر ہوئی ہے اور ملک انتہائی مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔
Comments are closed on this story.