کراچی میں شدید گرمی کب تک جاری رہے گی؟
کراچی: شہرِ قائد کا مزید گرمی کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج پارہ 40.5 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شہر میں آج گرمی کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی، شدید گرمی کے سبب شہر کے مختلف علاقوں میں لوکل ڈیولپمنٹ کے تحت بادل بھی برسے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں اس دوران سمندری ہوائیں مکمل طور پر معطل رہیں گی اور درجہ حرارت 38 تا 41 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق ہوا کا کم دباؤ اس وقت گجرات میں موجود ہے جو کہ بالائی سندھ اور بالائی پنجاب میں بارش کا سبب بن رہا ہے جس کے تحت تھرپارکر، عمر کوٹ، ٹھٹھہ، بدین و دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں 14 ستمبر تک کوئی نیا سسٹم نہیں آئے گا البتہ14 ستمبر کے بعد شہر میں گرمی کی شدت میں کمی آئے گی جب کہ مون سون بارشوں کا ایک اور اسپیل کراچی میں 15 ستمبر کے بعد بارش برسا سکتا ہے۔
Comments are closed on this story.