Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسپتال میں شہباز گِل سے ملاقات کرنے والے ڈاکٹر کو شوکاز نوٹس جاری

ڈاکٹر سعید مصطفیٰ نے اپنے ایک ٹویٹ میں اقوام متحدہ کی طرف سے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے ملنے والے عطیات پر شفافیت اور احتساب کا مطالبہ کیا تھا۔
اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2022 04:44pm
تصویر: ٹوئٹر/@SenKhanzada
تصویر: ٹوئٹر/@SenKhanzada

شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید مصطفیٰ کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما ڈاکٹر شہباز گل کی اسپتال میں عیادت کرنے اور ایک ٹویٹ میں موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں ڈاکٹر سعید مصطفیٰ جو پی ٹی آئی ڈاکٹرز ونگ کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں، کے ٹویٹ کا ذکر کیا گیا جس میں انہوں نے اقوام متحدہ کی طرف سے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے ملنے والے عطیات پر شفافیت اور احتساب کا مطالبہ کیا تھا۔

ڈاکٹر سعید مصطفیٰ نے ٹویٹ میں لکھا کہ، “میں اقوام متحدہ کی طرف سے حکومت پاکستان کو دی گئی 160 ملین ڈالر کی فلیش اپیل کا اوپن ٹریک اور آڈٹ چاہتا ہوں۔ میرا یقین ہے کہ ہماری حکومت جڑ تک کرپٹ ہے، اور یہ رقوم مستحقین تک نہیں پہنچیں گی۔”

اسپتال نے اس ٹویٹ کا نوٹس لیا اور کہا کہ یہ “انتہائی قابل اعتراض” ہے اور ایک سرکاری ادارے کا کنٹریکٹ ملازم ہونے کے ناطے ڈاکٹر کو اس طرح کی “تخریبی سرگرمیوں” میں ملوث ہونے کا اختیار نہیں ہے۔

ڈاکٹر سعید چونکہ پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، اس لیے جس دن شہباز گِل کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) لایا گیا اس دن وہ ان کی عیادت کو گئے۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر سعید نے اسپتال کے معاملات میں مداخلت کی، سیکیورٹی کو گمراہ کیا، مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور روکنے پر وہاں سے جانے سے انکار کردیا۔

شوکاز نوٹس پر ردعمل

شوکاز نوٹس نے موجودہ حکومت کے خلاف تنقید کو جنم دیا جس پر ایک بار پھر فاشزم کا الزام لگایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر ذیشان خانزادہ نے ٹویٹ کیا کہ ہم اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہیں، ڈاکٹر سعید کو ان لوگوں نے برطرف کیا جنہوں نے تحریک انصاف کو فاشسٹ قرار دیا کیونکہ وہ ڈاکٹر شہباز گل سے ملنے گئے تھے۔ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں اور ڈاکٹر سعید مصطفیٰ کا ساتھ دیں۔

  خیبر پختونخوا حکومت کے سابق مشیر افتخار درّانی نے اپنے ٹویٹ لکھا کہ، "درآمد شدہ حکومت سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ وفاقی حکومت نے ڈاکٹر سعید مصطفیٰ کو پمز ہسپتال میں شہباز گل کی دیکھ بھال کے لیے بطور ڈاکٹر اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے اور سوشل میڈیا پر امپورٹڈ حکومت کے فاشزم کی مذمت کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا۔"

دریں اثنا، ڈاکٹر سعید نے خود اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ، “مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حقیقی تحریک آزادی میں نوکری کی قربانی دینا بہت چھوٹی چیز ہے، مجھے حقیقی آزادی کی جدوجہد میں کسی بھی ہتھکنڈے سے متاثر نہیں کیا جا سکتا۔ میں نوکری کھونے کے خوف سے نہیں جھکوں گا۔ رزق اللہ دیتا ہے۔”

Show cause notice

pims

Dr Saeed Mustafa

Dr Shahbaz Gill