Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عالمی برادری کو مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا: یو این سیکرٹری جنرل

سیلاب کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 1300 افرادجاں بحق ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے، عالمی برادری کو اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔

سکھر ایئرپورٹ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یواین سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ مشکل حالات ہیں، جن میں لوگوں کی جانیں ضائع ہوئی ہیں، ہمیں امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔

 تصویر بزریعہ وزیراعظم ہاؤس
تصویر بزریعہ وزیراعظم ہاؤس

یو این سیکرٹری نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے، موسمیاتی چیلجنزسے نمٹنے کیلیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں مسلسل آنے والی قدرتی آفات کی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔پاکستان کی ہرممکن مدد کیلیےتیار ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں معمول سے 15 سے 20 گنا زیادہ بارش ہوئی۔

 تصویر بزریعہ وزیراعظم ہاؤس
تصویر بزریعہ وزیراعظم ہاؤس

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں سیلاب سے 537 افراد جاں بحق ہوئے، سیلاب متاثرین کی بحالی مشکل چیلینج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر املاک ، فصلوں اور لائیو اسٹاک کونقصان پہنچا۔ سندھ میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے۔

 تصویر بزریعہ وزیراعظم ہاؤس
تصویر بزریعہ وزیراعظم ہاؤس

وزیراعظم اور یو این سیکرٹری جنرل کا دورہ موہن جودڑو

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل موہن جو دڑو بھی پہنچے، جہاں پر وہ حالیہ بارشوں میں ہونے والے نقصان کا جائزہ لیں گے۔

انتونیوگوتیرس کو موہن جو دڑو اسٹوپا پر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سردار علی شاہ بریفنگ دیں گے۔

موہن جو دڑو کے تحفظ کیلئے منصوبہ بندی کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انتونیو گوتیرس نے کہا کہ سیلاب متاثرین کےغم میں برابر کاشریک ہوں، ترقی یافتہ ممالک میں آلودگی بہت زیادہ ہے، موسمی تبدیلی کی سب سےبڑی وجہ آلودگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمی تبدیلی کا ذمہ دار نہیں، پاکستان اس موسمی تبدیلی سےمتاثرہورہاہے، ترقی یافتہ ممالک کو پاکستان کی مدد کرنی چاہئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سےسب سےزیادہ سندھ کونقصان پہنچا، متاثرین کو25ہزارروپےفی گھرانا فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کےتحت70ارب روپے تقسیم ہوں گے، سیلاب متاثرین کی مشکلات کا احساس ہے۔

یو این سیکرٹری جنرل و وزیراعظم نے اوستہ محمد کا دورہ کیا

وزیراعظم و یواین سیکرٹری جنرل کو اوستہ محمد کے دورے کے موقع پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں یو این سیکرٹری کو بتایا گیا کہ سیلاب سےبلوچستان کی سڑکیں و ریلوے نظام شدید متاثر ہوا ہے، حالیہ بارشوں سے اسپتال، اسکولوں کو نقصان پہنچا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ متاثرین کی بحالی کیلیےامداد کی ضرورت ہے، لائیواسٹاک اور زراعت کے شعبے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

اس سے قبل، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سکھر پہنچیں، جہاں پر ان کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے جانب سے بارشوں و سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

 تصویر بزریعہ وزیراعظم ہاؤس
تصویر بزریعہ وزیراعظم ہاؤس

انتونیوگوتیرس اقوام متحدہ کے وفد اور وفاقی کابینہ کے ہمراہ سیلاب سے نقصانات اور جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ و سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔

اس سے قبل، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کا مقصد سیلاب متاثرین سےاظہار یکجہتی کرنا ہے، پاکستان کو بڑے پیمانے پر مالی مدد کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں یو این سیکرٹری جنرل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یواین سیکرٹری جنرل کا دورہ ہمارے لئے بہت اہم ہے، سیلاب سے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان متاثر ہوئے۔

 تصویر بزریعہ وزیراعظم ہاؤس
تصویر بزریعہ وزیراعظم ہاؤس

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 1300 افرادجاں بحق ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں بیماریوں کا پھیلاؤ بھی بڑا چیلنج ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں، مگر متاثرین کی بحالی کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی مدد درکار ہے۔

پاکستان

UN Secretary General

Sindh floods