ملکہ الزبتھ دوم کا انتقال: صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا افسوس کا اظہار
صدرعارف علوی ، وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی بیان میں ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر شاہی خاندان، حکومت اور برطانیہ کی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم کےانتقال سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پُر نہیں کیا جا سکے گا، وہ بہت چھوٹی عمر میں تخت نشین ہوئیں لیکن انہوں نے پختگی، کردار اور اعلیٰ ترین عزم کا مظاہرہ کیا۔
صدر نے کہا کہ ملکہ برطانیہ دنیامیں طویل ترین حکمرانی کرانےوالوں میں سے ایک تھی،ن کی ولولہ انگیز قائدانہ صلاحیتوں نے انہیں عظیم اور مہربان حکمران کے مرتبے تک پہنچایا جسے عالمی تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔
عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شاہی خاندان اور برطانیہ کی عوام کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ملکہ الزبتھ کے انتقال کے سوگ میں برطانیہ اور دولت مشترکہ ملکوں کے ساتھ ہے، برطانیہ کے شاہی خاندان، عوام اور برطانوی حکومت سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے بھی ملکہ برطانیہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی عوام، حکومت اور شاہی خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر دکھ کااظہار کرتےہوئے کہا کہ ان کے انتقال پربرطانیہ کے عوام اور شاہی خاندان سے میری تعزیت ہے، ایک عظیم وراثت اور ایک دور ختم ہو چکا ہے ملکہ ابدی سکون میں رہے۔
Comments are closed on this story.