آرمی چیف سے امریکی محکمہ خارجہ وفد کی ملاقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی محکمہ خارجہ وفد کی ملاقات ہوئی جس میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر ڈیرک شیلٹ کی سربراہی میں وفد کی جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) آمد ہوئی جہاں آرمی چیف سے امریکی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک، امریکا دو طرفہ روابط، کثیر الجہتی شعبہ جات میں پائیدار تعلقات کی روایت کو برقراررکھنا چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے کہا کہ عالمی شراکت داروں کی امداد سیلاب متاثرین کی مدد اوربحالی میں اہمیت کی حامل ہوگی۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ امریکی وفد نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی جب کہ انہوں نے ضرورت کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے لئے امریکی حمایت کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، قونصلر ڈیرک شیلٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔
Comments are closed on this story.