Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیصل مسجد کے امام نے خاتون ٹک ٹاکرکیخلاف مقدمہ درج کروادیا

ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے احاطے میں غیر مہذب ویڈیو بنائی
اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2022 09:11pm
تصویر/فائل
تصویر/فائل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد کے امام نے احاطے میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والی خاتون کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی۔

امام مسجد محسن اسحاق نے خاتون ٹک ٹاکرکیخلاف تھانہ مارگلہ اسلام آباد میں درج کروائی جانے والی ایف آئی آر میں کہا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پرایک ویڈیودیکھی جس میں خاتون ٹک ٹاکرغیرمہذبانہ اندازمیں مسجد کے تقدس اوراحترام کو پامال کرتی نظرآئیں۔

یہ ویڈیو دو روز قبل مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمزپروائرل رہی جس میں پنجابی کلچرکی نمائندگی کرتے لباس کرتے اور لاچا میں ملبوس خاتون فلمی اندازمیں ٹک ٹاک بنارہی ہیں، خاتون کا انداز پُرانی پنجابی فلموں میں بڑھکیں مارتے ہیرو سے متشابہہ ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق امام مسجد نے خاتون کے خلاف مسجد کے تقدس سمیت مذہبی روایات کو پامال کرنے کے جرم میں قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

امام مسجد نے ٹک ٹاک پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ مقبول ایپلی کیشن سمیت دیگرسوشل میڈیا پلیٹ فارم پرمذہبی روایات اورجذبات کو پامال کرنا وطیرہ بنتا جارہا ہے۔

آج ڈیجیٹل کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر تھانہ مارگلہ کے سب انسپکٹرمحمد نواز نے ایف آئی آر درج کروائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایف آئی آرمیں نشاندہی کیے جانےوالے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کا جائزہ لیا گیا تو مذکورہ ویڈیو موجود نہیں ہے۔

FIR

TikTok

Faisal Mosque

TikTok Video