Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم کا یومِ دفاع و شہداء پر افواج پاکستان کو خراجِ تحسین

ہمارے شہداء کی قربانیوں کو بہترین خراج تحسین یہ ہے کہ ہم اپنے بانیوں کے وژن کے مطابق پاکستان کی تعمیر نو کریں
شائع 05 ستمبر 2022 10:52pm
ایک انچ کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ فوٹو — فائل
ایک انچ کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ فوٹو — فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

شہباز شریف نے یوم دفاع و شہداء پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کے دن کو جرأت و بہادری کی علامت اور دھرتی کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانی کے جذبے کی یاد کے طور پر منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے 57 سال قبل اس دن ہماری بہادر افواج ِپاکستان نے دنیا کو ثابت کر دیا کہ وہ مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس دن پوری پاکستانی قوم بے مثال اتحاد اور پرعزم قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مسلح افواج کی حمایت کے لیے آگے آئی۔ آج قوم اس سرزمین کے بہادر بیٹوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، خاص طور پر ہمارے ان قابل فخر شہداء کو جنہوں نے بے خوفی اور بہادری سے اس دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم شہدا کے والدین اور اہل خانہ کا بے حد احترام کرتے ہیں جنہوں نے اپنے قریبی عزیزوں کی جدائی کے غم کو ہمت سے برداشت کیا۔ ان ہیروز، غازیوں، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے محکموں اور انٹیلی جنس اداروں کے جوانوں کو بھی سلام جو سخت موسموں اور مخالف ماحول میں مادرِ وطن کی سرحدوں کو بیرونی اور اندرونی خطرات سے محفوظ رکھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ بہادر مسلح افواج اور بہادر پاکستانی قوم نے اپنی دو دہائیوں پرانی جدوجہد میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے عفریت کو کامیابی سے شکست دے کر 1965 کی جنگ کے قابل فخر ورثے کو آگے بڑھایا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج اس موقع پر میں آپریشن ردالفساد کو کامیابی کے ساتھ منطقی انجام تک پہنچانے پر عسکری قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخواہ اور جنوبی پنجاب میں حالیہ سیلاب کے دوران ہزاروں لوگوں کی جانیں بچانے میں مسلح افواج اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کے کردار کو بھی سراہتا ہوں۔ ہمارے شہداء کی قربانیوں کو بہترین خراج تحسین یہ ہے کہ ہم اپنے بانیوں کے وژن کے مطابق پاکستان کی تعمیر نو کریں۔

Shehbaz Sharif

pakistan army

Defence Day

armed forces

army officers martyred