Aaj News

جمعہ, دسمبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی سپر ماڈل بیلا حدید بھی سیلاب زدگان کی مدد کرنے میدان میں آگئیں

پاکستانی سیلاب متاثرین دنیا کی مدد کے منتظر ہیں
اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2022 09:12am

فلسطینی نژاد امریکی سُپر ماڈل بیلا حدید نے بھی پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے اپنی آواز بُلند کی ہے۔

بیلا حدید نے انسٹاگرام پر پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے دل دہلا دینے والے مناظر کی چند تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔

اُنہوں نے یہ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان بھر میں 1 ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوچکی ہیں، رواں سال جون سے اگست کے دوران، مسلسل جاری رہنے والی مون سون کی طوفانی بارشوں نے پاکستان کے چاروں صوبوں میں بہت سے دیہاتوں اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کردیا ہے۔

بیلا حدید نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ پاکستان اس وقت ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والی شدید بارشوں کے بعد سیلاب کا سامنا کر رہا ہے اور وہاں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستانی سیلاب متاثرین دنیا کی مدد کے منتظر ہیں اور ہم سب کو ان کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔

بیلا حدید نے اپنی پوسٹ میں سیلاب متاثرین کی مدد کے آسان طریقے بھی بتائے اور مداحوں کو بتایا کہ ان کے عطیہ کردہ محض ڈھائی ڈالر سے حاملہ عورت اور کم عمر بچے کو خوراک فراہم کرنے کا پیکٹ آ سکتا ہے۔

ماڈل کا کہنا ہے کہ کسی کی جانب سے عطیہ کردہ محض 12 ڈالر سے ایک خاندان کی خواتین کی ماہواری کے پیڈز، سینیٹائزر، ہینڈ واش اور دیگر حفظان صحت کے سامان کا پورا پیکٹ آ سکتا ہے جو 3 ماہ تک چل سکتا ہے۔

بیلا حدید نے لکھا کہ لوگوں کی جانب سے عطیہ کردہ محض 55 امریکی ڈالر سے غذائی قلت کے شکار بچوں اور خواتین کے لیے 6 سے 8 ہفتوں کی خوراک خریدی جا سکتی ہے۔

امریکی سُپر ماڈل کی پوسٹ پر پاکستانی اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین نے بھی تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان کیلئے آواز بلند کرنے پرشکریہ ادا کیا ۔

Bella Hadid