Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اہلیہ کی فرمائش پر افغان بولنگ کوچ عمر گُل مشکل کا شکار

اہلیہ نے اپنے شوہر سے درخواست کہ وہ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے نرم گوشہ رکھیں۔
شائع 01 ستمبر 2022 05:24pm

افغانستان منگل (30 اگست) کو ایشیا کپ 2022 ٹی 20 ٹورنامنٹ کے سپر فور کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن چکی ہے۔

محمد نبی کی زیرِ قیادت ٹیم نے مسلسل دوسری جیت حاصل کرکے “گروپ بی” میں اپنے لیے سرفہرست مقام حاصل کرلیا ہے۔ ٹیم نے شارجہ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔

افغانوں کی جانب سے راشد خان اور مجیب الرحمان نے پہلے تین تین وکٹیں لے کر بانگلہ ٹائیگرز کو 127-7 تک محدود رکھا اور پھر بدلے میں نجیب اللہ زدران (17 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 43) اور ابراہیم زدران (ناٹ آؤٹ 42) نے جیت کی مہر ثبت کی۔

افغانستان نے ہفتہ (27 اگست) کو سری لنکا کے خلاف 8 وکٹوں کی جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا، اور اب بنگلہ دیش کے خلاف جیت کے ساتھ اس نے خود کو بڑے انعام کے دعویدار کے طور پر مضبوط کر لیا ہے۔

سپر فور میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کو دھول چٹانے کے بعد افغانستان اب بھارت اور پاکستان کا سامنا کرے گا، اور جو فارم انہوں نے اب تک دکھایا ہے اس کے مطابق افغان کسی بھی ٹیم کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔

سپر فور میں پاکستان اور افغانستان کے آمنے سامنے آنے کے امکانات کے پیش نظر سابق پاکستانی کرکٹر عمر گل جو افغانستان کی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کی اہلیہ ڈاکٹر مریم نقش نے اپنے شوہر سے ایک خصوصی درخواست کی ہے۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر نے اپنے ایک ٹویٹ میں اپنے کھلاڑیوں کو سپر فور میں آگے بڑھنے پر مبارکباد دی تھی، جس کے جواب میں ان کی اہلیہ نے اپنے شوہر سے درخواست کہ وہ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے نرم گوشہ رکھیں۔

انہوں نے عمر گل کے ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ “پاکستان کے خلاف ذرا ہاتھ ہولا رکھنا کوچ صاحب، مبارک ہو”۔

جوڑے کے درمیان گفتگو یہیں نہیں رکی، کیونکہ گُل نے ہنستے ہوئے جذباتی نشانات کے ساتھ ان کے ٹوئٹ کا جواب دیا اور اسے “اوکے” کے ساتھ ختم کیا۔

اگر “مین اِن گرین” جمعے (2 ستمبر) کو گروپ اے کے اپنے آخری میچ میں ہانگ کانگ کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تو دبئی میں 9 ستمبر کو سپر فور کے آخری میچ میں ان کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔

Pakistan vs Afghanistan

Asia Cup 2022

Umar Gul