Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خاتون جج کو دھمکی، عمران خان نے دہشتگردی کا مقدمہ خارج کرنے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا

اس مقدمے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خارج کردیا جائے
شائع 30 اگست 2022 05:13pm
میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بے بنیاد ہے۔ فوٹو — فائل
میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بے بنیاد ہے۔ فوٹو — فائل

چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اپنے خلاف درج دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

عمران خان نے شعیب شاہین ایڈووکیٹ، بیرسٹر سلمان صفدر اور فیصل چودھری ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے۔

درخواست میں عمران خان نے مؤقف اپنایا کہ میں نے ورلڈ کپ جتوایا، فلاحی کام کئے، اسپتال، یونیورسٹی قائم کی،پاکستان کے کچھ اصل سٹیٹس مین میں سے ایک ہوں۔

درخواست کے متن میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا سے موثر انداز میں نمٹا، امریکا افغان مذاکرات کرائے، البتہ میرے خلاف بدنیتی سے دہشت گردی کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے اور میں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر دہشتگردی کی دفعات لگائی جائیں۔

دائر درخواست میں عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بے بنیاد ہے، لہٰذا اس مقدمے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خارج کردیا جائے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں تقریر کی گئی تھی جس میں عمران خان نے خاتون جج اور اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران کو دھمکیاں دی تھیں۔

سابق وزیراعظم کے خلاف عدلیہ اور اعلیٰ پولیس افسران کو دھمکیاں دینے کے الزام میں وفاقی دارالحکومت کے مارگلہ تھانے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اسلام آباد

imran khan

Contempt of Court

pti rally

additional sessions judge