Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چور انتہائی مہارت سے “ماں کی گود سے” بچہ لے اُڑا، ویڈیو وائرل

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔
شائع 30 اگست 2022 11:28am
اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

بھارتی ریاست اُتر پردیش کے شہر متھرا میں ایک شخص انتہائی ہوشیاری سے ریلوے اسٹیشن پر سوئی خاتون کی گود سے سات ماہ کا بچہ لے کر بھاگ کھڑا ہوا۔

بچے کے اغوا کے بعد اتر پردیش پولیس نے اغواکار کی تلاش شروع کر دی ہے۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کی چار ٹیمیں نامعلوم شخص کو پکڑنے کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔

ویڈیو میں اغواکار کو متھرا اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر گھومتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو تھوڑی دیر بعد پلیٹ فارم کے فرش پر سوئی خآتون کے پاس پہنچا اور احتیاط سے اس کے بچے کو بازوؤں سے نکال کر پلیٹ فارم پر کھڑی ٹرین کی طرف بھاگا۔

پولیس کے مطابق واقعہ ٹرین اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر آٹھ نو پر پیش آیا۔

ریلوے پولیس کی ٹیمیں اتر پردیش کے ہاتھرس اور علی گڑھ میں اس قیاس کی بنیاد پر چھاپے مار رہی ہیں کہ یہ شخص دو اضلاع میں سے کسی ایک کی طرف بھاگا ہوگا۔

جی آر پی کے انچارج انسپکٹر سشیل کمار نے کہا کہ مشتبہ شخص کی تصویر آن لائن گردش کر رہی ہے، اور سول پولیس سے بھی تعاون طلب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پلیٹ فارم اور متھرا اسٹیشن پر موجود تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ مشتبہ شخص کی تفصیلات اکٹھی کی جا سکیں۔

متھرا جنکشن کے جی آر پی پولیس اسٹیشن میں متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے اس شخص کی تلاش اور بچے کو گھر واپس لانے کے لیے عوام سے مدد طلب کی ہے۔

Uttar Pradesh

CCTV

Child Kidnap

Mathura