ملک میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1100 سے تجاوز کر گئی
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں و سیلاب سے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 14 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب سے 1136 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں 501 مرد 227 خواتين اور 386 بچے شامل ہیں۔
مجموعی طور پر سندھ میں 402 افراد جاں بحق، خیبر پختونخوا میں 258 افراد، بلوچستان میں 244 اور آزاد کشمیر میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 41 ہوگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 24 گھنٹے میں بارش اور سیلاب سے ملک میں مزید 75 افراد جاں بحق ہوئے، سندھ میں 53، کے پی میں 16، بلوچستان میں 2 اور گلگلت بلتستان میں 5 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے میں 59 افراد زخمى ہوئے جس کے بعد مجموعی زخمی افراد کی تعداد 1634 ہوگئی، سندھ 1055 زخمی افراد کے ساتھ سرفہرست جب کہ خیبرپختونخوا 338، بلوچستان 110 اور پنجاب میں 105 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں سیلاب کے باعث 2328 کلومیٹر سڑک کو نقصان پہنچا، بلوچستان میں اب تک ایک ہزار کلومیٹر پر مشتمل سڑکیں سیلاب سے تباہ ہوئیں جب کہ ملک کے 162 پُلوں کو بھی سیلاب سے نقصان پہنچا ہے۔
اس کے علاوہ سیلاب سے ملک بھر کے 7 لاکھ 34 ہزار 179 گھروں کو نقصان پہنچا، 3 لاکھ 73 ہزار مکانات مکمل تباہ طور پر تباہ ہوئے جب کہ ملک بھر کے 7 لاکھ 35 ہزار 375 مال مویشی سیلاب میں بہہ گئے۔
Comments are closed on this story.