آئی ایم ایف اجلاس آج ہوگا، پاکستان کیلئے 1.17 ارب ڈالر قرض کی منظوری کا امکان
بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس آج ہونے جا رہا ہے جس میں پاکستان کے لیے 1.17 ارب ڈالر قرض کی منظوری کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف بورڈ ساتویں اور آٹھویں اقتصادی جائزے پر غور کرے گا، پروگرام کی مدت میں ایک سال کی توسیع اور حجم بڑھانے کی درخواست کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کے لئے آئی ایم ایف سے رقم کی فراہمی اسی ہفتے متوقع ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو ایک ارب 17 کروڑ ڈالر قرض کی ادائیگی کے لیے لیٹر آف انٹینٹ بھیجا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کو پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 50 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے، یکم ستمبر سے پیٹرول پر 10 اور ڈیزل پر 5 روپے لیوی بڑھائی جائے گی اور جنوری 2023 تک لیوی بڑھ کر 50 روپے فی لیٹر تک ہو جائے گی۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ارکان پارلیمنٹ و بیوروکریسی کے اثاثوں کی تفصیلات پبلک کرنے کے حوالے سے لیٹر آف انٹینٹ پر معاہدہ بھی طے ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شفافیت اور احتساب کے لیے الیکٹرانک ایسٹ ڈیکلریشن سسٹم (ای ای ڈی سی) قائم کیا جائے گا جس میں بیورو کریسی کے بیرون ملک منقولہ اور غیر منقولہ اثاثہ جات کو بھی پبلک کیا جائے گا جب کہ خفیہ مالی اثاثہ جات رکھنے والے بیورو کریٹس کے خلاف کارروائی ہو گی۔
Comments are closed on this story.