Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم کا بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان

وزیراعظم نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے جعفرآباد کے گاؤں حاجی اللہ دینو کا دورہ کیا۔
شائع 28 اگست 2022 02:50pm
سندھ کے لیے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے، شہباز شریف
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
سندھ کے لیے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے، شہباز شریف فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 10 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے جعفرآباد کے گاؤں حاجی اللہ دینو پہنچے اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جعفرآباد جاتے ہوئے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو سیلاب متاثرین کی امداد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے کی گئی کوششوں پر بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر کل جماعتی کانفرنس طلب کرلی

بریفنگ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا گیا کہ قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں سیلاب سے بہت نقصان ہوا، بلوچستان میں چھوٹے ڈیموں کو نقصان پہنچا ہے، سیلاب کے باعث 65 ہزار سے زائد گھر گر گئے، 9 لاکھ سے زائد ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا، سیلاب سے سڑکوں اور پلوں کو بھی نقصان ہوا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 26 اگست کو کوئٹہ میں مکمل بلیک آوٹ ہو گیا تھا، بلوچستان میں ایمرجنسی اور ریلیف کے لیے 10 ارب روپے کی ضرورت ہے جبکہ لوگوں کو صاف پانی اور دیگر ضروری اشیا فراہم کر رہے ہیں، گیس کنکشن منقطع ہیں جس کے لیے ایس ایس جی سی سے بات کی ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی حالت خراب ہے، ایسا لگتا ہے کہ پورا سمندر چاروں طرف پھیلا ہوا ہے، موجودہ صورتحال 2010 سے زیادہ خراب ہے، سندھ اور بلوچستان زیادہ متاثر ہوئے ہیں، کل خیبرپختونخوا کے علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، میں نے کبھی اتنا بڑا سیلاب نہیں دیکھا، لاکھوں افراد کے گھر اجڑ چکے ہیں، سیلابی پانی سے زرعی زمین بھی متاثر ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کو ہر ممکن سہولیات دی جارہی ہیں، یو اے ای نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے، آج ترکیہ سے امدادی سامان کے جہاز روانہ ہوچکے ہیں، دوست ممالک کا بہت زیادہ شکر گزار ہوں جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں ساتھ دیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ برطانوی حکومت نے ڈیڑھ ملین پاؤنڈ امداد کا اعلان کیا ہے، مخیر حضرات سے بھی امداد کی اپیل ہے، 25 ہزار روپے ہر متاثرہ خاندان کو دے رہے ہیں، سندھ کے لیے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے، کل اجلاس میں معاملات کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔

وزیراعظم کا دوسرے دن بھی سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے دوسرے دن بھی سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

وزیراعظم نے سجاول میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی تھی، جہاں انہیں امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی تھی۔

میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات آگے بڑھیں اور متاثرین کی مدد کریں، سندھ میں فی خاندان 25 ہزار ملنا شروع ہوگئے، دیگر متاثرین کو بھی بے نظیر پروگرام سے رقم ملے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا تھا کہ افواج پاکستان بھی سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں۔

بلوچستان

PM Shehbaz Sharif

flood victoms

Pakistan Flood

jafferabad