Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیلاب کی تباہ کاریوں پر اے پی سی طلب، پی ٹی آئی کو دعوت نہیں دی گئی

اے پی سی میں پی ٹی آئی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اپ ڈیٹ 28 اگست 2022 12:14pm
اے پی سی میں ملک میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
اے پی سی میں ملک میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے کُل جماعتی کانفرنس (اے پی سی ) بلالی۔

کُل جماعتی کانفرنس پیر کی سہ پہر وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد کی جائے گی جس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادیوں سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

اے پی سی میں ملک میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی ۔

سیلاب کی صورتحال پر بلائی گئی اے پی سی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دعوت نہیں دی گئی۔

خیال رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں 14 جون سے اب تک ہونے والی بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے اب تک 1،033 افراد جاں بحق جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

اسی طرح سیلابی ریلوں سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں مکمل تباہ اور کئی مکانات ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔

وزیراعظم آج بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقے جعفرآباد کا دورہ کریں گے

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف آج بلوچستان میں ضلع جعفر آباد کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں حاجی اللہ دینو کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم دورہ قطر سے واپسی کے بعد مسلسل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کررہے ہیں، شہباز شریف آج بھی بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

چیف سیکرٹری بلوچستان اور ڈی جی پی ڈی ایم اے وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین کی امداد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے جاری کاوشوں پر بریفنگ دیں گے۔

دورے کے دوران وزیر اعظم امدادی کاموں کا جائزہ لینے اور سیلاب متاثرین کا احوال جاننے کے لیے ان سے ملاقات کریں گے،اس موقع پر شہباز شریف میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کریں گے۔

اس کے بعد وزیر اعظم حفیظ آباد، گابی خان، قادر پور اور شکارپور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کریں گے۔

وزیراعظم کا دوسرے دن بھی سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

گزشتہ روزوزیراعظم شہباز شریف نے دوسرے دن بھی سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے سجاول میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی، جہاں انہیں امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔

میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ مخیر حضرات آگے بڑھیں اور متاثرین کی مدد کریں، سندھ میں فی خاندان 25 ہزار ملنا شروع ہوگئے، دیگر متاثرین کو بھی بے نظیر پروگرام سے رقم ملے گی،

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ افواج پاکستان بھی سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں۔

pti

Rain

floods

PDMA

PM Shehbaz Sharif

APC

All Parties Conference