Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ساڑھے 11 لاکھ افراد کو 25 ہزار روپے فی خاندان اس ہفتے پہنچ جائیں گے: وزیر خزانہ

اگر آج بھی ہم کچھ نہیں کرسکتے تو پھر ہوجائے پاکستان دیوالیہ کیونکہ اکیلے مفتاح یا مریم کا پاکستان نہیں بلکہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے
شائع 27 اگست 2022 12:22am
یہ لیٹر آئی ایم ایف کے ہاتھ بھی لگ گیا ہے۔ فوٹو — فائل
یہ لیٹر آئی ایم ایف کے ہاتھ بھی لگ گیا ہے۔ فوٹو — فائل

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ساڑھے 11 لاکھ پاکستانیوں کو فی خاندان 25 ہزار روپے کی امدادی رقم اس ہفتے موصول ہوجائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ غریب ترین پاکستانیوں کے علاقوں میں سیلاب آیا، ہم نے فی خاندان کو 25،25 ہزار روپے دیئے ہیں، ساڑھے 11 لاکھ پاکستانیوں کو اس ہفتے یہ رقم پہنچ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا سے اپیل کر رہے ہیں کہ آپ پیسے دیں لیکن کل فواد چوہدری نے ٹی وی پر کہ پنجاب اور کے پی میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر وفاقی حکومت سے تعاون نہیں کرے گا کیونکہ تعاون نہیں کریں گے تو آئی ایم ایف ڈیل ختم ہوجائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ کے پی کے فنانس ڈویژن نے مجھے خط لکھا، تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ آئی ایم ایف کو لیٹر نہیں بھیجا تاہم یہ لیٹر آئی ایم ایف کے ہاتھ بھی لگ گیا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حیرت ہے آج پاکستان پانی میں ڈوبا ہوا ہے تو آج آپ یہ لیٹر لکھ رہے ہیں، کیا آپ 10 دن انتظار نہیں کرسکتے تھے، کیا عمران خان کی حکومت نہیں آئے گی تو یہ لوگ جو مر رہے ہیں انہیں مرنے دوں۔

انہوں نے کہا کہ ایک خاتون نے کہا تھا اگر عمران خان نہیں ہوگا تو ہم پاکستان بند کردیں گے، کیا آپ سیاست میں پاکستان کی معیشت کو داؤ پر لگانے کے لئے آئے تھے۔

وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے80 لاکھ مویشی مر چکے ہیں، ہمیں نہیں پتہ سندھ میں اگلے سال گندم کتنی پیدا ہوگی، اتنے لوگ مررہے ہیں مگر اس دن آپ سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آج بھی ہم کچھ نہیں کرسکتے تو پھر ہوجائے پاکستان دیوالیہ کیونکہ اکیلے مفتاح یا مریم کا پاکستان نہیں بلکہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ تحریک انصاف وہ جماعت ہے جس نے فروری میں آئی ایم ایف کا پروگرام ختم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز آئی ایم ایف کے پروگرام کی توثیق ہوگی۔

انہوں سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جو سیلاب پاکستان میں آیا اسکی نظیر نہیں ملتی، لہٰذا 9999 پر میسج کرکے 10 روپے کا چندہ دیں۔

pti

اسلام آباد

IMF

floods

Miftah Ismail