Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بچے کو بچانے کی کوشش میں شہید ہونے والا نوجوان صدارتی ایوارڈ کیلئے نامزد

بالاچ نوشیروانی نے جان کا نذرانہ دے کر کچرا چننے والے بچے کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن۔۔۔
شائع 24 اگست 2022 11:15pm

چیئرمین سینیٹ ‏صادق سنجرانی نے نوجوان شہید میر بالاچ نوشیروانی کا نام صدراتی ایوارڈ کے لئے تجویز کردیا.

شہید میر بالاچ نوشیروانی کوئٹہ کے علاقے کچی بیگ سریاب میں ایک بچے کو کنویں سے نکالنے کی کوشش میں شہید ہوئے تھے۔

کچرا چننے والے بچے کیلئے اپنی زندگی گنوائی

کوئٹہ کے بالاچ نوشیروانی نے جان کا نذرانہ دے کر کچرا چننے والے بچے کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، جن کی بہادری اور جرات فخر کے لائق ہے۔

کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پرسیلابی کنویں میں کوڑا کرکٹ جمع کرکے بیچنے والا بچہ غلام پیر پھسلنے سے گرا۔ زندگی بچانے کے لیے ہاتھ پیر چلانے لگا تو نوجوان میر بالاچ نوشیروانی اسے نکالنے کے لیے کنوئیں میں حفاظتی اقدامات کے ساتھ اترے۔

 شہید میر بالاچ نوشیروانی (تصویر بزریعہ فیس بک)
شہید میر بالاچ نوشیروانی (تصویر بزریعہ فیس بک)

کنویں میں کچرہ پھینکنے کی وجہ سے گیس بھرگئی تھی۔ بچہ تو نہ ملا، اسی دوران بالاچ نوشیروانی کو گیس کی وجہ سے سانس لینے میں مشکل آنے لگی۔

انہیں واپس نکالا جانے لگا تو رسی ٹوٹنے کی وجہ سے وہ گہرے کنویں میں گرتے چلے گئے۔ انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر بچے کو بچانے کی کوشش کی لیکن اپنی زندگی بھی کھو بیٹھے۔

دو بہادر نوجوان

واقعے کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ٹیم تاخیر سے پہنچی۔ اسی دوران ضلع مستونگ سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان جلیل احمد شاہوانی اور امیر حمزہ شاہوانی پہنچے۔

 امیر حمزہ دائیں اور جلیل احمد شاہوانی بائیں
امیر حمزہ دائیں اور جلیل احمد شاہوانی بائیں

جنہوں نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد بالاچ اور بچے کی لاشیں گہرے کنوئیں سے نکال لیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر قدوس بزنجو نے بھی دونوں نوجوانوں کے لیے انعامات اور پی ڈی ایم اے میں نوکریوں کا اعلان کیا ہے۔

quetta

Mir Balach Nosherwani

Presidential Award