شہباز گل کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کے خلاف اسلام آباد پولیس نے ایک اور مقدمہ درج کرلیا۔
شہباز گل کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق گزشتہ شب شہباز گل کے کمرے سے پسٹل بر آمد ہوا تھا، ملزم نے اسلحہ کی ملکیت اپنے ملازم کی بتائی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق شہباز گل کو اپنا ملازم معہ اسلحہ لائسنس پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا تاہم وہ ملازم پیش کرسکے اور نہ اسلحہ لائسنس یا اجازت نامہ پیش کرسکے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل نے لائسنس کے بغیر نائن ایم ایم پسٹل رکھ کر ارتکابِ جرم کیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کے کمرے سے برآمد کیے گئے موبائل فونز اور سیٹلائٹ فون فرانزک کے لئے بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس نے واضح کیا تھا کہ ٹھوس ثبوت فراہم نہ کرنے پر ان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما شہباز گل کی رہائش گاہ کی تلاشی لی، اس دوران ان سے اسلحہ بر آمد کرلیا گیا جب کہ شہباز گل نے خود پر جنسی تشدد کی تصدیق بھی کی۔
پولیس شہباز گل کو بھی ہتھکڑیاں لگا کر ساتھ لائی تھی، تلاشی کے دوران پولیس کو شہباز گل کے کمرے سے ایک پستول ،موبائل، ایک سیٹلائٹ فون، کریڈٹ کارڈ، ڈائری اور یو ایس بیز بھی ملی تھیں۔
Comments are closed on this story.