Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اقتدار کا نشہ ایک شخص کو دن بدن پاگل کر رہا ہے، آصف زرداری

آصف زرداری نے عمران خان کا نام لیے بغیرکہا کہ "یہ شخص ہر روز ہماری فوج پر تنقید کر رہا ہے"۔
اپ ڈیٹ 23 اگست 2022 07:23pm
عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کیا یہ شخص قانون سے بالاتر ہے، آصف زرداری
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کیا یہ شخص قانون سے بالاتر ہے، آصف زرداری فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نےعمران خان کو اقتدارکے لیے پاگل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب سیاست چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی بحالی پر توجہ دیں۔

سندھ کابینہ کے ارکان سے ملاقات میں آصف زرداری نے صوبائی وزراء سے کہا کہ چاروں صوبوں میں بارشوں کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے، ہم سب کواس وقت سیاست چھوڑ کر صرف اپنے متاثرین بہن بھائیوں کی طرف توجہ دینی چاہیئے، چاروں صوبوں سے جن کی نگاہیں ہماری جانب ہیں۔

موجودہ سیاسی صورتحال اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے حالیہ متنازع بیانات کے تناظر میں بات کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ایک شخص اقتدار کے لیے پاگل ہورہا ہے اور ہر روز ریاستی اداروں پر تنقید کرتا ہے۔

انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیرکہا کہ “یہ شخص ہر روز ہماری فوج پر تنقید کر رہا ہے اور اسی فوج کے افسران وسپاہی 2 صوبوں میں دہشت گردوں سے جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ فوج ، پولیس اور اس کے بعد عدلیہ کی ایک خاتون مجسٹریٹ کو یہ شخص دھمکیاں دیتا ہے اور کہتا ہے کہ مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ”۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کیا یہ شخص قانون سے بالاتر ہے اور کیا یہ شخص میرے، میاں نواز شریف، میری بہن اور مریم بیٹی کے خلاف ماورائے قانون انتقامی کاروائیاں کرسکتا ہے اورخود ہرقانون کو روند سکتا ہے؟۔

Asif Ali Zardari

karachi

imran khan

PPP