Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

دہلی کا ‘رابن ہڈ’ وسیم اکرم بالآخر پکڑاگیا

وسیم اکرم امیروں کو لوٹ کرغریبوں کی مدد کرتا تھا دہلی...
شائع 23 اگست 2022 12:09pm
تصویر بشکریہ گیٹی امیجز
تصویر بشکریہ گیٹی امیجز

بھارتی دارالحکومت دہلی کی پولیس نے امیروں کو لوٹ کرغریبوں کی مدد کرنے والے ‘رابن ہُڈ’ وسیم اکرم کو گرفتارکرلیا۔

دہلی کا ‘رابن ہُڈ’ کہلائے جانے والے وسیم اکرم عرف لمبو پرالزام ہے کہ وہ بطورسرغنہ اپنے 25 رکنی گروہ کے ساتھ مل کرمتمول طبقے کے افراد کے زیورات اور رقم چراتا اورکچھ حصہ غریبوں میں تقسیم کردیتا تھا۔

پولیس کے مطابق 27 سالہ وسیم اکرم اورکارندوں نے دہلی کے پوش علاقوں میں بڑے گھروں کو لوٹا۔

رابن ہُڈ پر اقدامِ قتل اور ریپ سمیت جرائم کی 160 وارداتوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے، پولیس کی خصوصی ٹیم 4 ماہ کی مسلسل کوششوں کےبعد ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

دہلی پولیس کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق وسیم اکرم کے بیت سے چیلے اس کے علاقے میں ہمہ وقت موجود رہ کر اسے پولیس کی نقل وحرکت سے متعلق فوری معلومات فراہم کرتے تھے تا کہ وہ پکڑا نہ جاسکے۔

بیان میں وسیم اکرم عرف لمبو کو ’عادی مجرم ’ قراردیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہر وقت اپنے ٹھکانے بدلتا رہتا تھا اور اس کے یہ ٹھکانے کئی ریاستوں میں تھے۔ اس باراسے انسپکٹر شیو کمار کی قیادت میں ٹیم نے آنند وہار ریلوے اسٹیشن کے قریب سے پکڑا۔ ملزم کے قبضے سے پستول برآمد ہوا جس میں 3 گولیاں تھیں۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ دہلی کے اس مقامی ‘رابن ہُڈ’ کو آس پاس کی بستیوں میں انتہائی مقبولیت حاصل تھی کیونکہ وہ اپنی وارداتوں سے حاصل ہونے والے مال کا کچھ حصہ سب سے پہلے غرباء میں تقسیم کردیتا تھا اور یہی وجہ تھی کہ انہی افراد کی مخبریوں کے باعث وہ ایک لمبے عرصے تک پولیس کے ہاتھ نہ آیا۔

Wasim Akram

Robin Hood

Delhi Police