Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پولیس کا شہباز گل کے سیٹلائٹ اور موبائل فونز فرانزک کیلئے بجھوانے کا فیصلہ

پولیس کو شہباز گل کے کمرے سے ایک پستول، موبائل، ایک سیٹلائٹ فون، ڈائری اور یو ایس بیز بھی ملی ہیں۔
اپ ڈیٹ 23 اگست 2022 07:22pm
پولیس شہباز گل کو بھی ہتھکڑیاں لگا کرساتھ لائی تھی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب آج نیوز
پولیس شہباز گل کو بھی ہتھکڑیاں لگا کرساتھ لائی تھی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب آج نیوز

اسلام آباد: وفاقی پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما شہباز گل کی رہائش گاہ کی تلاشی لی، اس دوران ان سے اسلحہ بر آمد کرلیا گیا جب کہ شہباز گل نے خود پر جنسی تشدد کی تصدیق بھی کردی۔

اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کے کمرے سے برآمد کیے گئے موبائل فونز اور سیٹلائٹ فون فرانزک کے لئے بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق شہباز گل کے زیرِ استعمال کمرے سے بر آمد کی گئی پسٹل کی ملکیت کی تصدیق کا عمل جاری ہے، ٹھوس ثبوت فراہم نہ کرنے پر ان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنےکی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

اسلام آباد پولیس رات کے وقت ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو لے کر پارلیمنٹ لاجز پہنچی جہاں ان کے گھر میں سرچ آپریشن کیا گیا، شہباز گل پارلیمنٹ لاجز میں کمرہ نمبر ایف 206 میں رہائش پذیر تھے۔

پولیس شہباز گل کو بھی ہتھکڑیاں لگا کر ساتھ لائی تھی، تلاشی کے دوران پولیس کو شہباز گل کے کمرے سے ایک پستول ،موبائل، ایک سیٹلائٹ فون، کریڈٹ کارڈ، ڈائری اور یوایس بیز بھی ملی ہیں۔

تلاشی کے دوران کمرے سے شہبازگل کا پرس بھی ملا ، جس میں 2 شناختی کارڈ سمیت مختلف کارڈ برآمد ہوئےجبکہ2 پاسپورٹس بھی ملے۔

وفاقی پولیس نے شہبازگل پرناجائز اسلحہ برآمدگی کا ایک اور کیس درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس کا مؤقف تھا کہ پارلیمنٹ لاجز سے ملنے والے اسلحے کا لائسنس فراہم نہ کیا گیا تو شہباز گل پرایک اور مقدمہ درج ہوگا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے پی ٹی آئی رہنماشہباز گل کا کہنا تھا کہ انہوں نے پرس تو گاڑی میں چھوڑ دیا تھا لیکن یہاں کیسے آیا،انہیں علم نہیں،پرس ڈرائیور کے پاس ہوتا تھا۔

شہبازگل نے کمرے سے ملنے والے پسٹل سے بھی لاتعلق کی ظاہر کی اور کہا کہ جس کمرے سے اسلحہ ملا وہ گارڈ کے زیر استعمال رہتا تھا، شاید یہ اس کا ہو، میرے کمرے میں چیزیں تبدیل تھیں،اس کا مطلب ہے کوئی آیا تھا۔

ان مزید کا کہنا تھا کہ انہیں لوڈڈ ریوالر کے متعلق علم نہیں، انہوں نے یہ ریوالور کبھی نہیں دیکھا، ان کے پاس اے کے 47 رائفل ہے، جس کا لائسنس ہے۔

تلاشی کے بعد پولیس شہبازگل کولے کر روانہ ہوگئی توصحافی کی جانب سے جنسی تشدد کے سوال پر کہا کہ جی ہاں ان پر جنسی تشدد کیا گیا۔

پارلیمنٹ لاجزمیں شہبازگل کوپنجاب ہاؤس لے جایا گیا تاہم داخلے کی اجازت نہ ملنے پر ناکام لوٹ گئی، چھاپے کے دوران مخصوص چینلز کو کوریج کی اجازت بھی کی گئی۔

شہباز گل 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اس سے قبل گزشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا تھا۔

شہبازگل کو ڈرامائی انداز میں عدالت پہنچایا گیا، پمز اسپتال سے پولیس نے چادروں میں چھپا کرملزم کو بکتربند میں ڈالا لیکن یہ شہبازگل نہیں تھے،ان کو پچھلے دروازے سے روانہ کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے شکایت کے انبار لگاتے ہوئے کہا تھا کہ کل رات سے بھوک ہڑتال پر تھا، زبردستی کھانا کھلایا گیا، کئی دن سے نہایا نہیں، گھر سے کپڑے آئے وہ بھی چھین لئے، زبردستی شیو کردی اور مونچھیں چھوڑ دیں۔

بعدازاں عدالت نے ڈیڑھ بجے تک سماعت میں وقفہ کیا اور پولیس کو ہدایت کی کہ ڈیڑھ بجے تک آئیں اورملزم کو یہاں سے لے جائیں۔

وقفے کے بعد ایک بار پھر شروع ہونے والی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ 15دن ہوگئے مقدمہ درج ہوئے، ابھی تک عبوری چالان بھی نہیں آیا، شہباز گل سے آخر کیا ریکور کرنا چاہتے ہیں؟ شہباز گل نے بیان دیا ہے کہ برہنہ کرکے تشدد کیا گیا۔

جج نے استفسار کیا تھا کہ کیا یہ ساری چیزیں آپ ہائیکورٹ کے سامنے نہیں لائے؟ جس پر بابر اعوان نے ہاں میں جواب دیاتھا۔

اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ یہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شہباز گل کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے تفصیلی فیصلے میں کہا تھاکہ میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کی صحت کو کلینکلی مستحکم قرار دیا ہے، شہباز گل کو ذاتی حیثیت میں سنا، اُن کی صحت ٹھیک ہے، جب ضرورت ہو پولیس شہباز گل کو طبعی سہولیات فراہم کرے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو شہباز گل کو 24 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

شہباز گل کی نئی میڈیکل رپورٹ جاری

اداروں کے خلاف بغاوت پراکسانے کے مقدمے میں گرفتار شہباز گل کی نئی میڈیکل رپورٹ جاری کردی گئی۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق شہباز گل مکمل طور پر فٹ اور ہوش میں ہیں، وہ اپنے حواس میں ہیں اور نارمل ہیں۔

میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ نے شہباز گل کا مکمل جسمانی معائنہ کرنا چاہا لیکن انہوں نے انکارکردیا، شہباز گل نے صرف سینے کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت دی۔

رپورٹ کے مطابق شہباز گل کے تمام خون کے نمونے نارمل ہیں، مریض کو معمولی نوعیت کی سینے کی تکلیف ہے جس کی کوئی علامات نہیں ہیں۔

pti leader

imran khan

shahbaz gill

Parliament Lodges

islamabad police