Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

میں یہاں بیٹھا ہوں جس نے گرفتار کرنا ہے کرلے، عمران خان کا بنی گالہ میں اجلاس سے خطاب

یہ صرف لوگوں میں خوف پیداکرناچاہتے ہیں، واضح کردوں حقیقی آزادی کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹوں گا
شائع 22 اگست 2022 06:16pm
مذاکرات صرف الیکشن کے اعلان کے بعد ہوں گے۔ فوٹو — فائل
مذاکرات صرف الیکشن کے اعلان کے بعد ہوں گے۔ فوٹو — فائل

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے بنی گالہ میں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں بیٹھا ہوں جس نے گرفتار کرنا ہے کرلے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں گرفتاری کے حوالے سے عمران کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ بزدل حکومت صرف فاشزم دکھا سکتی ہے، میں یہاں بیٹھا ہوں جس نے گرفتار کرنا ہےکرلے۔

عمران کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح عوام رات باہر نکلی یہ کچھ نہیں بگاڑ سکتے، یہ صرف لوگوں میں خوف پیداکرناچاہتے ہیں، واضح کردوں حقیقی آزادی کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

واضح رہے کہ ااسلام آباد ہائیکورٹ نے عدلیہ سمیت دیگر اداروں کو دھمکی دینے کے خلاف درج ہونے والے دہشت گردی کے مقدمے میں عمران خان کی 3 روزہ راہداری ضمانت منظور کرلی ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا کہ اسمبلی میں کسی صورت واپس نہیں جائیں گے، لہٰذا نئے انتخابات کے علاوہ ہمیں کوئی آپشن قبول نہیں۔

اجلاس میں عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کو الیکشن کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حلقوں میں جا کر عوام کے ساتھ گھُل مل جائیں، مذاکرات صرف الیکشن کے اعلان کے بعد ہوں گے۔

pti

arrest

imran khan

Bani Gala

islamabad police