Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بلوچستان: بارشوں اور سیلاب سے مزید 9 افراد جاں بحق، تعداد 216 ہوگئی

بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک 216 افراد جاں بحق جبکہ 93 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
شائع 21 اگست 2022 11:32am
بلوچستان کا پنجاب اور کراچی سے زمینی رابطہ تاحال منقطع ہے۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
بلوچستان کا پنجاب اور کراچی سے زمینی رابطہ تاحال منقطع ہے۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سےمزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد کی تعداد 216 ہوگئی جبکہ صوبے کا پنجاب اور کراچی سے زمینی رابطہ تاحال منقطع ہے۔

پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5خواتین اور 4 بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 بچوں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ کی بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں

بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک 216 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 93 افراد زخمی ہوچکے ہیں ۔

حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال سے ہونے والے زخمیوں میں 52 مرد، 11 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار 450 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے ،مجموعی طور پر بلوچستان میں 26 ہزار 567 مکانات منہدم اور جزوی نقصان کا شکار ہوئے تو وہیں 2 لاکھ سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ۔

بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بلوچستان کو پنجاب سے ملانے والی شاہرائیں اور کراچی کوئٹہ شاہراہ بھی تاحال بند ہیں ۔

بارشوں کے باعث ایک لاکھ 98 ہزار 461 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں جبکہ انگور اورسیب کے باغات تباہ ہوئے ۔

ملک بھر میں مون سون بارشوں اور سيلاب کى تباہ کارياں جاری

دوسری جانب ملک بھر میں مون سون بارشوں اور سيلاب کى تباہ کارياں جاری ہیں، گزشتہ ایک روز میں مزید 36 افراد جاں بحق اور 145 زخمی ہو گئے۔

جس کے بعد حاليہ بارشوں اور سيلاب سے ہلاک ہونے والے افراد کى تعداد 728 ہوگئى جبکہ ملک بھر کے 103 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ ایک روز میں سندھ میں 18، خیبرپختونخوا میں 11 اور پنجاب میں 7 افراد سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاریوں کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

اب تک سب سے زيادہ بلوچستان میں 216،سندھ میں 177 ،خيبرپختونخوا میں 149 ،پنجاب میں 151، گلگت بلتستان میں 9 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ایک روز میں مزید 128 افراد زخمی ہونے سے کل تعداد ایک ہزار 291ريکارڈ کى گئى جبکہ بارشوں سے سب سے زیادہ سندھ میں 701 افراد زخمى ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں 31ہزار 047 گھر تباہ جبکہ 85ہزار724 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

اس کے علاوہ 5 لاکھ 3ہزار سے زائد مويشيوں کا نقصان ہوا جبکہ ملک بھر میں 2 ہزار 866 اعشاريہ 9 کلو ميٹر سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔