Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

این اے 245 ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے محمود مولوی نے میدان مارلیا

نسشت رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے امیدواروں کے درمیان کڑا مقابلہ متوقع
اپ ڈیٹ 21 اگست 2022 11:49pm
فاروق ستار 3169 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر ہیں۔ فوٹو — فائل
فاروق ستار 3169 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر ہیں۔ فوٹو — فائل

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مولوی محمود فتحیاب ہوگئے۔

حلقے کے 263 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امیدوار مولوی محمود 29475 ووٹ لے کر سب سے آگے جب کہ ایم کیو ایم اور اتحادی جماعتوں کے حمایت یافتہ امیدوار معید انور 13193 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) محمد علی رضا 9836 ووٹ کے ساتھ تیسرے اور آزاد امیدوار فاروق ستار 3479 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر آ سکے۔

این اے 245 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا جب کہ وٹنگ کا ٹرن آؤٹ 11.80 فیصد رہا۔

این اے 245 پرسکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے جہاں 2500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔

پولنگ کا عمل شروع ہوتے ہی پولنگ اسٹیشن نمبر 167 گارڈن ویسٹ میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، سی سی ٹی وی کیمرے کا سسٹم بھی بند ہوگیا جہاں پولنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا۔.

حلقے میں مجموعی طور پر 263 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے، جس میں سے 203 انتہائی حساس اور 60 حساس قرار دیے گئے۔

263 پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر 1052 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جن میں خواتین کے لئے 526 اور مردوں کے لئے بھی 526 پولنگ بوتھ بنائے گئے۔

مجموعی طور پر حلقے میں 5 لاکھ 13 ہزار 880 رجسٹرڈ ووٹر ہیں جن میں سے خواتین ووٹر کی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار 501 جب کہ مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 74ہزار 379 ہے۔

203 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں جب کہ حلقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔

کسی بھی ممکنہ ہنگامہ آرائی یا ایمرجنسی کی صورتحال کے لئے رینجرز بھی تعینات کی گئی، اس کے علاوہ پاک فوج کوئیک رسپانس فورس کے طور پر موجود تھے۔

ایم کیو ایم کے امیدوار کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی- ایف) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کی حمایت حاصل تھی۔

انتخاب میں امیدواروں کی تعداد 17 تھی مگر میدان میں صرف 15 امیدوار آسکے۔

اس حلقے میں نشتر بستی، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ، مارٹن کوارٹرز، کلیٹن کوارٹرز،پی سی سی ایچ ایس، طارق روڈ ،خداداد کالونی ، لائینز ایریا، جٹ لائن، بزرٹا لائن،ایبی سینیا لائن، سولجر بازار، پٹیل پاڑہ، گارڈن ایسٹ، نیو ٹاؤن ،لسبیلہ چوک اور پاکستان کوارٹرز جیسے گنجان آباد علاقے شامل ہیں۔

یاد رہے کہ یہ نشست پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد خالی ہوگئی تھی۔

karachi

Aamir Liaquat Hussain

by-election

NA-245