Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

‘قائداعظم زندہ باد’، صرف 20 روپے میں دراز پر

فلم 'لندن نہیں جاؤں گی' کو 50 روپے میں دکھایا جارہا ہے
شائع 19 اگست 2022 12:30pm
تصویر بشکریہ ڈراز
تصویر بشکریہ ڈراز

عید الاضحیٰ پرریلیزکی جانے والی نئی فیچرفلموں ‘قائداعظم زندہ باد’ اور’ لندن نہیں جاؤں گا’ نے باکس آفس پر بھرپور کامیابی سمیٹی لیکن انہیں بنانے والوں کی جیبوں پرچین کی مقبول کمپنی ‘دراز’ نے کٹ لگا دیا ہے۔

پائریسی کا عمل دنیا بھر تفریحی صنعت کو شدید متاثرکرتا ہے، اسی کا سہارا لیتے ہوئے چین کی آن لائن مارکیٹ ویب سائٹ اورلاجسٹک کمپنی ‘دراز’ اپنی ویب سائٹ پران فلموں کے پائریٹڈ ورژن صرف 20 اور 50 روپے میں پیش کررہی ہے۔

فلم “قائداعظم زندہ باد’کے ڈائریکٹرنبیل قریشی نے 20 روپے میں اپنی فلم دکھانے کے خلاف ٹوئٹرپرآواز اٹھاتے ہوئے اس اقدام کو ‘مجرمانہ’ قراردیا۔

درازکوٹیگ کرتے ہوئے نبیل قریشی نے لکھا کہ “ دراز ہماری فلم ‘قائد اعظم زندہ باد’ کا پائریٹڈ ورژن آفیشل طور پراپنی ویب سائٹ پرفروخت کررہی ہے، جب کہ یہ فلم پاکستان بھرکے سینما گھروں میں زیرنمائش ہے، اس سے سینما اورفلم انڈسٹری کو نقصان پہنچ رہا ہے“۔

فلمساز نے اپنی ٹویٹ میں چینی کمپنی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا۔

ڈائریکٹرفضا علی مرزا نے بھی اس اقدام کو شرمناک قراردیتے ہوئے کہا قانونی کارروائی سے ہم مستقبل میں بچاؤ کے لیے ایک مثال قائم کریں گے۔

فلمی نقاد عمیرعلوی نے بھی سوال اٹھایا کہ “سینما گھروں میں زیرنمائش فلم کو دکھانے کی پیشکش کیسے کی جارہی ہے، کیا یہ بیوقوف ہیں یا دوسروں کو بیوقوف سمجھتے ہیں؟ ایسی بچگانہ حرکات سے فلم انڈسٹری کو بری طرح متاثرکرنے کے علاوہ سینما انڈسٹری کو بھی نقصان پہنچایا جارہا ہے، بڑے ہوجائیں”۔

واضح رہے کہ دراز چین کی آن لائن مارکیٹ ویب سائٹ اور لاجسٹک کمپنی ہے جو جنوبی ایشا کے ممالک میں کام کرتی ہے، اس کی بنیاد ایک جرمن وینچرکیپیٹل کمپنی نے 2012 میں رکھی تھی۔

دراز گروپ پاکستان ، بنگلہ دیش، نیپال ، سری لنکا اور میانمار میں ای کامرس پلیٹ فارم اور رسد کی خدمات چلاتا ہے، مئی 2018 میں اس گروپ کو چین کی مقبول ترین ای کامرس کمپنی “علی بابا گروپ” نے خرید لیا تھا۔

quaid e azam zindabad

Daraz

Alibaba Group