Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ترکیہ میں پانچویں “اسلامی یکجہتی” کھیلوں کا آغاز، پاکستانی کھلاڑی ناکام

اسلامک سولیڈیریٹی گیمز 2022 کے پہلے دن پاکستانی کھلاڑی کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے
شائع 11 اگست 2022 07:02pm

اسلامک سولیڈیریٹی گیمز 2022 کے پہلے دن پاکستانی کھلاڑی کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، اور تین شرکاء تمغوں کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔

400 میٹر ہرڈل ریس میں حصہ لینے والے قومی کھلاڑی احمد رندھاوا خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ جبکہ اسپرنٹر عروج کرن 100 میٹر سپرنٹ میں آخری نمبر پر رہیں، اور اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔

قومی ایتھلیٹ جمشید علی، جنہوں نے کامن ویلتھ گیمز کے شاٹ پٹ فائنل کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا تھا، اسلامک گیمز کے ابتدائی راؤنڈ میں نویں نمبر پر رہے، جس کے نتیجے میں وہ میڈل کی مہم سے باہر ہو گئے۔

دوسری جانب شجر عباس اور عبدالمعید بلوچ بالترتیب 100 میٹر اور 400 میٹر ہیٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور جاری ایونٹ میں پاکستان کے لیے میڈل کی بڑی امیدیں ہیں۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے “اسلامی یکجہتی گیمز” کے پانچویں ایڈیشن کا باضابطہ طور پر مرکزی اناطولیہ کے شہر قونیہ، میں افتتاح کیا۔

اردوان نے منگل کو ایک شاندار افتتاحی تقریب میں کھیلوں کا آغاز کرنے کا اعلان کیا، جس میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ ساتھ کئی ممالک کے معززین نے بھی شرکت کی۔

کھیلوں کا یہ ایونٹ جو 9 سے 18 اگست تک منعقد ہوگا، دراصل میں 2021 میں منعقد کیا جانا تھا، لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 2022 تک ملتوی کردیا گیا تھا۔

اسلامی تعاون تنظیم کے کم از کم 55 رکن ممالک کے چار ہزار سے زائد کھلاڑی 24 کھیلوں میں حصہ لیں گے، جن میں تیر اندازی سے لے کر باسکٹ بال اور جوڈو سے تیراکی تک 355 تمغے شامل ہیں۔

اسلامک سولیڈیرٹی گیمز اسلامی یکجہتی اسپورٹس فیڈریشن (ISSF) کے زیر اہتمام ایک تقریب ہے۔

ایونٹ کی ویب سائٹ کے مطابق گیمز کا مقصد “اسلامی جغرافیہ کے کھلاڑیوں کی ترقی میں مدد کرنا اور کھلاڑیوں کے درمیان بھائی چارے اور یکجہتی کی ثقافت کو بڑھانا ہے”۔

رکن ممالک میں غیر مسلم شہری بھی گیمز میں حصہ لے سکتے ہیں۔

پہلی اسلامی یکجہتی گیمز 2005 میں سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہوئی تھیں۔ جس کا چوتھا ایڈیشن 2017 میں آذربائیجان کے شہر باکو میں منعقد ہوا۔

Islamic Solidarity Games 2022

Pakistani Players