Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
03 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کی تاریخ کی مہنگی ترین فلم کی ریلیز کا اعلان

4 سال کا انتظار ختم، کاپی رائٹس ایکٹ کی خلاف ورزی پرنمائش غیر معینہ مدت کےلیےروک دی گئی تھی
اپ ڈیٹ 11 اگست 2022 06:54pm

شائقین کا انتظارختم ہوا، مقبولیت کے ریکارڈز قائم کرنے والی لالی فلم ‘مولاجٹ ’ کا ری میک ورژن ’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی ریلیز کا اعلان بالآخرکردیا گیا ہے۔

ڈائریکٹربلال لاشاری نے انسٹاگرام پرمداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے فلم کا پہلا پوسٹر ریلیزکرتے ہوئے بتایا کہ یہ 13 اکتوبر کو بڑے پردے پر پیش کی جائے گی۔

سال 1979 میں ریلیز کی جانے والی اس شہرہ آفاق پنجابی فلم میں مرکزی کردار سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی نے نبھائے تھے جبکہ ری میک ورژن میں حمزہ علی عباسی اور فواد خان شامل ہیں۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے مکالمے معروف پنجابی فلمساز و لکھاری ناصر ادیب نے تحریرکیے ہیں۔

یہ فلم دیکھنے کے منتظرافراد کو 4 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا کیونکہ 21 دسمبر 2018 کو فلم کا پہلا ٹریلرکیے جانے کے بعد کاپی رائٹس ایکٹ کی خلاف ورزی پرنمائش کو غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا تھا۔

فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ میں فواد خان نے مولا جٹ اورحمزہ علی عباسی نے نوری نتھ کا کردارادا کیا ہے جبکہ دیگر کاسٹ میں ماہرہ خان، گوہررشید، فارس شفیع، نیئر اعجاز،علی عظمت اورحمائمہ ملک شامل ہیں۔

فلم ‘مولا جٹ’ 1979 میں ریلیز کی گئی تھی جسے آج تک پاکستان فلم انڈسٹری کی کامیاب ترین فلم قرار دیا جاتا ہے۔ سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جوڑی نے دیکھنے والوں پرایسا تاثرقائم کیا تھا جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو پاکستان کی تاریخ کی اب تک سب سے مہنگی فلم قراردیا جارہا ہے، اسٹارکاسٹ اورمیگا اسکیل پروڈکشن کے باعث اسے بیحد مثبت ردعمل حاصل ہورہا ہے۔

اس سے قبل، 2020 میں ایک انٹرویو کے دوران بلال لاشاری کا کہنا تھا کہ فلم میں اسپیشل ایفیکٹس اور تشدد کے کچھ سین بھی فلمائے گئے ہیں جو کہ چھوٹے بچوں کے لئے دیکھنا مناسب نہیں ہیں۔

ہدایتکار کے مطابق فلم کومکمل کرنے میں کئی سال لگے تاکہ فلم کے جلوہ گر ہونے والے اداکار اپنے کردار کو بھرپور طریقے سے سمجھ سکیں اور عوام کے سامنے ایکشن کو اس انداز میں پیش کیا جاسکے جو پہلے کبھی نہ دیکھا گیا ہو۔

mahira khan

Maula Jatt

Hamza Abbasi

Bilal Lashari