عامر خان نے ‘لال سنگھ چڈھا’ میں شاہ رُخ کا مختصرکردار بتادیا
ریلیز سے قبل ہی تنازع کا شکارہونے والی بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامرخان کی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ کل 11 اگست کو ریلیز کی جارہی ہے
اس فلم میں مختصر لمحات کے لیے شائقین شاہ رخ خان کو بھی دیکھ سکیں گے، ان کی اس ‘کیمیو اپیئرنس’ کی تفصیلات عامرخان نے حال ہی میں مداحوں کے ساتھ شیئرکی ہیں۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق صحافی الیگزیندرا کو دیے جانے والے انٹرویو میں عامرخان نے کہا کہ شاہ رخ میرے دوست بھی ہیں، میں نے انہیں بتایا کہ “مجھے کسی ایسے شخص کی ضرورت ہے، جو امریکا میں ایلوس پریسلے کی نمائندگی کرسکے، مجھے ہندوستان کے سب سے بڑے آئیکونک اسٹار کی ضرورت ہے، اسی لیے میں آپ کے پاس آرہا ہوں۔ “
عامر خان کے مطابق “شاہ رخ خان واقعی اتنا اچھا ہے کہ اس نے ہاں کردی۔ “
‘لال سنگھ چڈھا’ 1994 میں امریکی اداکار ٹام ہینکس کی فلم ‘فاریسٹ گم’ کا آفیشل ہندی ایڈاپشن ہے جس نے 1995 میں 3 آسکر( بہترین اداکار، کہانی، ہدایت کاری )حاصل کیے۔
ادویت چندن کی ہدایت کاری میں 14 سال کے طویل عرصے میں مکمل کی جانے والی اس فلم میں عامرخان کے علاوہ کرینہ کپور، ناگا چیتنیا اور مونا سنگھ بھی مرکزی کردارمیں نظر آئیں گے۔
لال سنگھ چڈھا کا ٹریلر 29 مئی کو کھیلے گئے، آئی پی ایل 2022 کے فائنل میچ کے دوران جاری کیا گیا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی میگا کرکٹ ایونٹ کے دوران کسی فلم کا ٹریلر بھارتی ٹیلی ویژن پر جاری کیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 180 کروڑ کے بجٹ میں بننے والی عامر خان کی اس فلم کا مقابلہ اکشے کمار کی ’رکھشا بندھن ’ سے ہے جس کا بجٹ 70 کروڑ ہے، دونوں فلموں کی ایڈوانس بکنگ جاری ہے اور اب تک لال سنگھ چڈھا آگے ہے۔
تاہم بھارتی فلمی نقاد ترن آدرش کا کہنا ہے کہ دونوں فلموں کی ایڈوانس بکنگ “توقع سے کم” رہی۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دونوں کی کامیابی کابڑاانحصارسپاٹ بکنگ / جاکردیکھنے والے شائقین اور پہلے دن فلم دیکھنے والوں کی رائے پرہے۔
عامرخان ایک انٹرویومیں کہہ چکے ہیں کہ انہیں اس فلم کے لیے یش راج فلمز کے پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا نے راضی کیا ورنہ وہ پہلے یہ کردار نبھانے کے لیے تیارنہیں تھے۔
Comments are closed on this story.