Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کی زیرِ صدارت سازشی بیانیے کو شہباز گل نے آگے بڑھایا: وزیر داخلہ

اس سازش کے دیگر کردار بھی سامنے آئیں گے، رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس
اپ ڈیٹ 10 اگست 2022 10:31am
جو الفاظ ادا کئے وزارت داخلہ انہیں جرم سمجھتی ہے فوٹو — پی آئی ڈی
جو الفاظ ادا کئے وزارت داخلہ انہیں جرم سمجھتی ہے فوٹو — پی آئی ڈی
Federal Minister Rana Sanaullah Important Press Conference | Aaj News

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہوا ہے جس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہباز گل کے خلاف مقدمہ نمبر 691/22 تھانہ کوہسار میں درج ہوا، اس میں دفعات 505، 120، 153، 124 اور 131 لگائی گئیں جس کے بعد انہیں اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ قوم جب اس فتنے کو شناخت کرنے کے قریب تھی تو ایک سازش کا بیانیہ بنایا گیا جو کہ عمران خان کی صدارت میں تیار ہوئی، اس سازش کے دیگر کردار بھی سامنے آئیں گے، طے شدہ انداز میں ٹیلی فون پر انہیں لیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک نجی چینل کی انتظامیہ کو بھی یہ بیانیہ دیا گیا، فواد چوہدری اور شہباز گل نے بیانیہ آگے بڑھایا، ویڈیو دیکھیں تو اس میں یہ فر فر پڑھ رہے تھے، ایسے جملے دہرائے گئے جنہیں دہرانا بھی قومی مفاد میں نہیں ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سانحہ لسبیلہ پر انہوں نے بکواس کی، یہاں تک کہ رینکس پکارے گئے، کہا گیا یہ رینکس پی ٹی آئی سے محبت کرتے ہیں، انہیں کہا گیا آپ انسان ہیں، آپ کا ضمیر ہے، آپ کو حکم ملے تو اسے ہرگز نہ مانیں جو کہ بغاوت کرانے کی حرکت اور پاکستان کے خلاف ایک ناپاک جسارت تھی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہباز گل نے جو الفاظ ادا کئے وزارت داخلہ انہیں جرم سمجھتی ہے، اب یہ قانونی معاملہ ہے لہٰذا کیس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فرمایا شہباز گل کو اغوا کیا ہے اور جمہوریت میں اس قسم کی شرمناک حرکت نہیں ہوتی، اب اس میں شرم والی کونسی بات ہے، میں چاہتا تو 15 کی جگہ 30 کلو ہیرون برآمد کرلیتے لیکن ہمیں اس قسم کی شرمناک حرکتیں کرنے کا شوق نہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ فواد چوہدری اور عمران خان کو یقین دلاتا ہوں شہباز گل کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، تفتیش میں کچھ چیزوں کا تعین ہوگا جب کہ تحقیقات شفاف ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک میٹنگ کے بعد کہا گیا کس طرح توجہ ہٹائی جائے لیکن توجہ ہٹاتے ہٹاتے وہ ایسی صورتحال میں داخل ہوچکے ہیں کہ انہوں نے بم کو ہی لات ماردی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شیخ رشید کہہ رہے ہیں ان کی طرف پولیس آگئی، آپ ویسے ہی چلا ہوا کارتوس ہیں، اسی لئے ہمیں آپ کو گرفتار کرنے کی ضرورت نہیں، ثابت ہوگیا ہے ڈرٹی کمپین میں پی ٹی آئی کا ہاتھ ہے، تعین ہونے کے بعد ہی ریاست کمپلیننٹ بنی ہے مگر اب دیکھنا ہے کہ شہباز گل کو اسکرپٹ کس نے لکھ کر دی تھی۔

pti

pakistan army

imran khan

Rana Sanaullah

shahbaz gill