Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم نے تاریخی تھرو پھینک کر سونے کا تمغہ جیت لیا

جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشدندیم نے پہلی ہی باری میں 86.81 میٹر کی تھرو پھینکی۔
اپ ڈیٹ 08 اگست 2022 11:09am
ارشد ندیم نے فائنل میں 90اعشاریہ 18میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
ارشد ندیم نے فائنل میں 90اعشاریہ 18میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے تاریخی تھرو پھینک کر سونے کا تمغہ جیت لیا، ارشد ندیم نے فائنل میں 90اعشاریہ 18میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم کے مدمقابل عالمی چیمپئن سمیت 16 کھلاڑی تھے۔

پاکستان نے 1966 کے بعد کامن ویلتھ گیمز ایتھلیٹکس میں میڈل جیتا جبکہ یہ 1962 کے بعد کامن ویلتھ گیمز ایتھلیٹکس میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز جویلین تھرو کا فائنل شروع ہوتے ہی پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی ہی باری میں ریکارڈ تھرو کی۔

جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشدندیم نے دھاک بٹھائی، پہلی ہی باری میں 86.81 میٹر کی تھرو پھینکی، یہ پاکستانی ایتھلیٹ کے کیریئر کی بہترین تھرو تھی، اس سے قبل ارشد ندیم کی بہترین تھرو 86.38 میٹر تھی۔

ارشد ندیم نے دوسری تھرو کی تو اُسے فاول قرار دیا گیا جس کے بعد انہوں نے تیسری تھرو 88 میٹر کی پھینکی اور اپنا ریکارڈ توڑ دیا۔

تیسری تھرو کے بعد ارشد ندیم 8 بہترین تھرورر میں آگئے ٹاپ ایٹ میں آنے کے بعد انہیں مزید 3 تھرو دی گئیں۔ ارشد ندیم نے چوتھی باری میں 85.9 میٹر کی تھرو کی جبکہ عالمی چیمپئن نے چوتھی تھرو 82.74 میٹر پھینکی، اس موقع پر ورلڈ چیمپئن اینڈرس پیٹرس ارشد سے آگے نکل گئے۔

پانچویں باری میں پیٹرس نے 88.64 میٹر تھرو پھینکی جبکہ پانچویں باری میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے 90.18 میٹر کی تھرو پھینکی، بعد ازاں انہوں نے چھٹی باری میں 86 میٹر تھرو پھینکی۔

ارشد ندیم 90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے جنوبی ایشین ایتھلیٹ بن گئے اور ساتھ ہی انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں نیا ریکارڈ بناڈالا،فتح پر ارشد ندیم سجدہ ریز ہوگئے۔

اس طرح کامن ویلتھ گیمز 2022میں پاکستان نے دوسرا گولڈ میڈل حاصل کرلیا، جیولن تھرو ایونٹ میں ایتھلیٹ ارشد ندیم نے سونے کا تمغہ اپنے سینے پر سجایا۔

میڈل سیریمنی میں قومی ترانے کی صدا گونج اٹھی اورپاکستان کا سبز ہلالی پرچم بھی سر بلند کیا گیا۔

ارشد ندیم نے گولڈ میڈل پاکستانی قوم کے نام کردیا

قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل پاکستانی قوم کے نام کردیا۔

ارشد ندیم نے کہا کہ گولڈ میڈل یوم آزادی پر تحفہ ہے، پُراعتماد تھا کہ گولڈ میڈل ضرور جیتوں گا، کہنی اور گھنٹے کی انجری کے باوجود ہمت نہیں ہارا، حکومت بین الاقوامی معیار کی سہولیات دے۔

وزیراعظم کی کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد

وزیراعظم شہبازشریف نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صبح سویرے اٹھتے ہی بہت ہی حیران کن خبر سننے کو ملی کہ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا،ارشد ندیم کی مستقل مزاجی، جذبہ اور محنت ہمارے نوجوانوں کے لیے سبق آموز ہے ۔

کامن ویلتھ گیمز: پاکستان کے میڈلز کی تعداد 8 ہوگئی

کامن ویلتھ گیمز 2022میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد 8ہوگئی،ہاکی، کرکٹ، سوئمنگ، بیڈمنٹن، اسکواش میں قومی ایتھیلٹ نے مایوس ہی کیا۔

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے 68ایتھلیٹس ان ایکشن ہوئےجن میں سے صرف 8ہی میڈلز حصے میں آئے،جن میں 2گولڈ، 3سلور اور 3برونز شامل ہیں۔

شاہ حسین شاہ نے کھاتہ کھولا اورجوڈو ایونٹ میں برونز میڈل حاصل کیا جبکہ ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے بھی گیمز میں رنگ جمایااور 109پلس کیٹیگری میں سونے کا تمغہ جیتا۔

پھر قومی ریسلرز انعام بٹ اور عنایت اللہ نے شاندار پرفارم کیا،3سلور اور 2برونز میڈل آئے۔

اس کے بعد ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں کمال دکھایا،پاکستان کو ایونٹ میں دوسرا گولڈ میڈل جتوایا۔

کامن ویلتھ گیمز: بابراعظم کا گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کوخراج تحسین

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کردیا۔

بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جسم ٹوٹا ہوا تھا پر ہمت ہمالیہ سے بھی بلند تھی،ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

birmingham

Gold Medal

arshad nadeem

javelin throw

Commonwealth Games